’جنوبی ایشیا کے لیے اعزاز‘ اداکارہ سیانی گپتا ہارورڈ یونیورسٹی کی ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار
’جنوبی ایشیا کے لیے اعزاز‘ اداکارہ سیانی گپتا ہارورڈ یونیورسٹی کی ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار
منگل 28 اپریل 2026 8:33
انہوں نے یہ اعزاز حاصل کرکے عالمی سطح پر جدید انڈین سنیما کی ایک مضبوط آواز کے طور پر اپنی جگہ مزید مستحکم کر لی ہے (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)
اداکارہ اور فلم ساز سیانی گپتا کو ہارورڈ یونیورسٹی ساؤتھ ایشین ایسوسی ایشن کی جانب سے ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا ہے جو سنیما، اداکاری کے فن، اور عالمی سطح پر جنوبی ایشیائی شناخت کی مؤثر نمائندگی میں ان کی نمایاں خدمات کا اعتراف ہے۔
سیانی گپتا نے ہارورڈ یونیورسٹی کی جانب سے ’ساؤتھ ایشین پرسن آف دی ایئر 2026‘ قرار دیے جانے پر کہا کہ ’اپنے ملک انڈیا اور پورے جنوبی ایشیا کی نمائندگی کرنا میرے لیے بہت بڑی بات ہے۔‘
یہ تقریب 24 اپریل کو ہارورڈ یونیورسٹی میں منعقد ہوئی جس میں سیانی گپتا نے منیش ملہوترا کی تیار کردہ خوبصورت ہاتھی دانت کے رنگ کی ساڑھی زیب تن کی۔ انہوں نے کھلے بالوں اور سادہ مگر پُر وقار انداز کے ساتھ ہارورڈ کی مشہور عمارتوں کے سامنے تصاویر بنوائیں اور پھر ایک دل کو چھو لینے والی تقریر کی جس پر حاضرین نے بھرپور تالیاں بجائیں۔
یہ باوقار اعزاز اُن افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے عوامی زندگی میں جنوبی ایشیائی شناخت اور عوامی زندگی میں اس کے فروغ کے لیے کام کیا ہو۔
ہارورڈ ساؤتھ ایشین ایسوسی ایشن نے سیانی گپتا کی خاص طور پر ’آرٹیکل 15‘ اور ’فور مور شاٹس پلیز‘ میں ان کی بے باک، حقیقت پسندانہ اور عام روایت سے ہٹ کر اداکاری کو سراہا جنہوں نے سماجی رویوں کو چیلنج کیا اور عہدِ حاضر کی انڈین کہانی سنانے کے زاویے کو وسعت دی۔
ہارورڈ ساؤتھ ایشین ایسوسی ایشن نے سیانی گپتا کی فلموں ’آرٹیکل 15 اور ’فور مور شاٹس پلیز‘ میں ان کی اداکاری کو سراہا (فوٹو: مڈ ڈے)
سیانی گپتا نے یہ اعزاز ملنے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ میرے لیے ایک غیر معمولی اعزاز ہے۔ عالمی سطح کے اس پلیٹ فارم پر اپنے ملک انڈیا اور جنوبی ایشیا کی نمائندگی کرنے کی اہمیت غیرمعمولی ہے۔ میں اپنی اس کامیابی کا سہرا اُن تمام لوگوں کو دینا چاہوں گی جو میرے سفر کا حصہ رہے جن میں میرے والدین، اساتذہ اور خاندان شامل ہے جن کی بے مثال مدد اور حمایت نے اس دن کو ممکن بنایا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اُن فلموں اور تخلیق کاروں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے مجھے مواقع فراہم کیے۔ میں اس عالمی اعزاز پر خود کو نہایت خوش نصیب اور عاجز محسوس کرتی ہوں۔‘
اداکارہ اور فلم ساز سیانی گپتا نے کہا کہ یہ میرے لیے ایک غیر معمولی اعزاز ہے (فوٹو: ورائٹی میگزین)
انہوں نے کہا کہ ’میں اسے ایک اعزاز خیال کرتی ہوں اور ہر میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے اور ایک ذمہ دار تخلیق کار بننے کی کوشش جاری رکھوں گی۔ ہارورڈ یونیورسٹی ساؤتھ ایشین ایسوسی ایشن کا شکریہ کہ انہوں نے مجھے اس اعزاز سے نوازا۔ میں دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔‘
اس اہم کامیابی کے ساتھ ساتھ سیانی گپتا اپنے تخلیقی سفر کے ایک نئے مرحلے میں بھی داخل ہو رہی ہیں جہاں وہ اپنی ہدایت کاری میں اولین مختصر فلم ’آسمانی‘ کے ساتھ سامنے آئیں گی، جس کا پریمیئر 25 اپریل 2026 کو ورلڈ فیسٹ ہیوسٹن میں ہوگا۔
فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی ئی)کی فارغ التحصیل سیانی گپتا کا سفر ایف ٹی آئی آئی سے ہارورڈ میں اعزاز حاصل کرنے تک انڈین سنیما کے لیے ایک متاثر کن لمحہ ہے، جہاں انڈین فن اور کہانی سنانے کے انداز کو دنیا کے معتبر ترین پلیٹ فارمز پر سراہا جا رہا ہے۔
وہ اس سے قبل یہ اعزاز حاصل کرنے والی ممتاز شخصیات، جیسا کہ وکاس کھنہ کی صف میں شامل ہو گئی ہیں اور یوں عالمی سطح پر جدید انڈین سنیما کی ایک مضبوط آواز کے طور پر اپنی جگہ مزید مستحکم کر لی ہے۔