Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سرکے چُنر‘ گانے پر تنازع: سنجے دت کی معذرت، 50 قبائلی لڑکیوں کو تعلیم دلوانے کا اعلان

 بالی وڈ اداکار سنجے دت نے نیشنل کمیشن فار ویمن کے سامنے پیش ہو کر ’سرکے چنر تیری سرکے‘ گانے سے متعلق تنازع پر تحریری معذرت جمع کرا دی ہے اور بطور اصلاحی اقدام 50 قبائلی لڑکیوں کی تعلیم کا خرچ اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق اداکار نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر اس گانے سے معاشرے کو کسی بھی قسم کا نقصان یا غلط پیغام گیا ہے تو انہیں اس پر افسوس ہے اور وہ آئندہ تخلیقی مواد میں خواتین کی باوقار نمائندگی کو یقینی بنائیں گے۔
یہ تنازع گانے میں مبینہ نامناسب الفاظ شامل کیےجانے کے الزامات کے بعد سامنے آیا تھا۔
ریلیز کے فوراً بعد گانے کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی اسے نامناسب قرار دیا۔ 
گلوکار ارمان ملک نے گانے کے بول کو ’انتہائی ناقص‘ قرار دیا۔
تنازع اس وقت مزید بڑھ گیا جب گانے پر پابندی کے لیے قانونی درخواستیں دائر کی گئیں، جن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ یہ مواد کم عمر افراد اور معاشرتی اقدار پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ بڑھتے دباؤ کے بعد مبینہ طور پر گانا یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا۔
کمیشن کی کارروائی کے دوران ارکان نے گانے میں استعمال ہونے والے الفاظ سے متعلق اہم سوالات اٹھائے۔ 
سنجے دت نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ان کے تمام آرٹسٹ معاہدوں میں قانونی جانچ کے لازمی نکات شامل ہوں گے تاکہ خواتین اور بچوں کی باوقار نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اداکارہ نورا فتیحی کو بھی کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے لیے طلب کیا گیا تھا تاہم بیرون ملک ہونے کے باعث وہ پیش نہ ہو سکیں اور نئی تاریخ کی درخواست کی ہے۔
اس سے قبل کمیشن کی چیئرپرسن وجے کشور راہٹکر نے کہا تھا کہ تخلیقی آزادی کے نام پر خواتین کی عزت نفس مجروح نہیں کی جا سکتی اور متعلقہ افراد کو آئندہ ایسی غلطیوں سے باز رہنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔

شیئر: