موٹرولا کا نیا فولڈ ایبل فون، سام سنگ کو ٹکر دینے کے لیے تیار
موٹرولا کا نیا فولڈ ایبل فون، سام سنگ کو ٹکر دینے کے لیے تیار
جمعرات 30 اپریل 2026 15:07
موٹرولا نے اپنا پہلا بک سٹائل فولڈ ایبل فون موٹرولا ریزر فولڈ متعارف کرا دیا ہے۔(فوٹو: سی نیٹ)
موبائل اور دیگر الیکٹرانک اشیا بنانے والی کمپنی موٹرولا نے اپنا پہلا بک سٹائل فولڈ ایبل فون موٹرولا ریزر فولڈ متعارف کرا دیا ہے، جسے ابتدائی جائزوں میں ایک مضبوط اور منفرد ڈیوائس قرار دیا جا رہا ہے اور یہ مارکیٹ میں موجود بڑے حریف سام سنگ گلیکسی زی فولڈ 7 کو چیلنج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ سی نیٹ کے مطابق موٹرولا نے اس فون میں اپنے کلیم شیل فولڈ ایبل ڈیوائسز کا تجربہ شامل کیا ہے، جس کے باعث یہ ابتدائی جنریشن کے فولڈ ایبل فونز کی عام خامیوں سے کافی حد تک بہتر نظر آتا ہے۔
خاص طور پر یہ فون مکمل طور پر سیدھا کھلتا ہے، جسے اس کی نمایاں خوبیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
ابتدائی تاثر کے مطابق فون کا ڈیزائن پریمیم اور متوازن ہے۔ اگرچہ یہ سب سے پتلا فولڈ ایبل نہیں ہے، لیکن کھلنے پر اس کی موٹائی تقریباً پانچ ملی میٹر اور بند ہونے پر تقریباً دس ملی میٹر ہے، جبکہ وزن دو سو تینتالیس گرام ہے۔
اس میں چھ اعشاریہ چھ انچ بیرونی اور آٹھ اعشاریہ ایک انچ اندرونی ڈسپلے دیا گیا ہے، جن کی برائٹنیس چھ ہزار نٹس سے زائد بتائی جا رہی ہے، جو دیگر فولڈ ایبل فونز کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ خصوصیت اسے تیز روشنی میں استعمال کے لیے بہتر بناتی ہے، تاہم اس سے بیٹری کا استعمال بھی بڑھ سکتا ہے۔
بیٹری کے معاملے میں موٹرولا نے واضح برتری حاصل کی ہے، کیونکہ اس فون میں چھ ہزار ملی ایمپیئر آور کی بڑی بیٹری دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ 80 واٹ وائرڈ اور 50 واٹ وائرلیس چارجنگ کی سہولت بھی موجود ہے، جبکہ ریورس چارجنگ کا آپشن بھی دیا گیا ہے۔
موٹرولا ریزر فولڈ میں تین 50 میگا پکسل لینس شامل ہیں۔(فوٹو: سی نیٹ)
کیمرہ سسٹم میں تین 50 میگا پکسل لینز شامل ہیں جن میں مین، الٹرا وائیڈ اور ٹیلی فوٹو شامل ہیں، جبکہ تین گنا آپٹیکل زوم کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
سیلفی کے لیے بیرونی سکرین پر 32 میگا پکسل اور اندرونی سکرین پر 20 میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے۔
یہ فون جدید پروسیسر کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، تاہم کارکردگی کے لحاظ سے اسے اپنے حریف کے مقابلے میں قدرے کم طاقتور قرار دیا جا رہا ہے۔ اس میں 16 جی بی ریم اور پانچ سو 12 جی بی سٹوریج موجود ہے۔
دونوں فونز کے ڈسپلے سائز تقریباً ایک جیسے ہیں، تاہم موٹرولا کی سکرین زیادہ روشن ہے۔(فوٹو: اینڈرائیڈ سینٹرل)
دوسری جانب سام سنگ کا فولڈ ایبل فون ڈیزائن کے لحاظ سے زیادہ پتلا اور ہلکا ہے، جس کی موٹائی کھلنے پر تقریباً چار اعشاریہ دو ملی میٹر اور بند ہونے پر آٹھ اعشاریہ نو ملی میٹر ہے، جبکہ وزن دو سو 15 گرام ہے۔
اس میں زیادہ طاقتور پروسیسر، بہتر سافٹ ویئر تجربہ اور سات سال تک اپڈیٹس کی سہولت دی گئی ہے۔
دونوں فونز کے ڈسپلے سائز تقریباً ایک جیسے ہیں، تاہم موٹرولا کی سکرین زیادہ روشن ہے۔ ایک اہم فرق یہ بھی ہے کہ موٹرولا کا فون سٹائلس سپورٹ فراہم کرتا ہے، جبکہ سام سنگ نے اپنے اس ماڈل میں سٹائلس سپورٹ ختم کر دی ہے۔
قیمت کے اعتبار سے موٹرولا کا فون تقریباً 1900 ڈالر میں دستیاب ہوگا اور اس کی پری آرڈر بکنگ 14 مئی سے شروع جبکہ فروخت 21 مئی سے متوقع ہے۔
دوسری جانب سام سنگ کا فون تقریباً دو ہزار ڈالر سے شروع ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق موٹرولا کا نیا فولڈ ایبل فون فیچرز میں مضبوط متبادل ہے۔ (فوٹو: سی نیٹ)
ماہرین کے مطابق موٹرولا کا نیا فولڈ ایبل فون بیٹری، چارجنگ اور فیچرز کے لحاظ سے ایک مضبوط متبادل کے طور پر سامنے آیا ہے، تاہم سام سنگ اب بھی کارکردگی، سافٹ ویئر اور مجموعی استحکام کے میدان میں برتری رکھتا ہے۔
ٹیک ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر صارفین بڑی بیٹری، تیز چارجنگ اور سٹائلس جیسی خصوصیات چاہتے ہیں تو موٹرولا کا فون بہتر انتخاب ہو سکتا ہے، جبکہ زیادہ مستحکم اور آزمودہ ڈیوائس کے لیے سام سنگ کا فون زیادہ محفوظ آپشن ہے۔