متحدہ عرب امارات کا اوپیک چھوڑنے کا اعلان، فیصلہ یکم مئی سے نافذ ہوگا
امارات نے اوپیک چھوڑنے کا اعلان سرکاری نیوز ایجنسی وام کے ذریعے جاری اعلامیے میں کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات نے منگل کو اعلان کیا کہ وہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک سے یکم مئی سے علیحدہ ہو جائے گا۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق امارات نے اوپیک چھوڑنے کا اعلان سرکاری نیوز ایجنسی وام کے ذریعے جاری اعلامیے میں کیا۔
امارات کا کہنا ہے کہ ’یہ فیصلہ متحدہ عرب امارات کے طویل المدتی تزویراتی اور اقتصادی وژن اور بدلتے ہوئے توانائی کے منظرنامے کی عکاسی کرتا ہے، جس میں ملکی توانائی کی پیداوار میں تیز رفتار سرمایہ کاری شامل ہے، اور عالمی توانائی منڈیوں میں ایک ذمہ دار، قابلِ اعتماد اور مستقبل پر نظر رکھنے والے کردار کے عزم کو مزید مضبوط بناتا ہے۔‘
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات نے 1967 میں ابوظبی کے ذریعے اوپیک میں شمولیت اختیار کی تھی۔ امارات 1971 میں ملک کے قیام کے بعد بھی تنظیم کا فعال رکن رہا۔
وام کے مطابق یہ اقدام پالیسی میں ارتقائی تبدیلی کا عکاس ہے، جس کے ذریعے امارات کو بدلتی ہوئی عالمی مارکیٹ صورت حال کے مطابق زیادہ مؤثر اور لچک دار انداز میں ردعمل دینے کی صلاحیت حاصل ہوگی۔
بیان میں کہا گیا کہ ’امارات، تیل، گیس، قابلِ تجدید توانائی اور کم کاربن حل سمیت توانائی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری جاری رکھے گا تاکہ طویل المدت استحکام اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔‘
متحدہ عرب امارات نے اوپیک اور اوپیک پلس کے کردار کو سراہا اور کہا کہ آئندہ بھی عالمی توانائی مارکیٹ کے استحکام کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔
