راولپنڈی: لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی شرکت
افواجِ پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نمازِ جنازہ بدھ کو چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑکے علاوہ سینیئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین کے عزیز واقارب اور عام شہریوں نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں بتایا کہ ’لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین منگل کو بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف ایک آپریشن کے دوران زخمی ہوئے تھے۔‘
’وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کو خراجِِ عقیدت پیش کیا اور شہید کی غیر معمولی جُرات، فرض شناسی اور وطن کے دفاع کے لیے اُن کے غیرمتزلزل عزم کی تعریف کی۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج انڈین سرپرستی میں دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، ہمارے شہدا کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔‘
’شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان کے امن، استحکام اور خود مختاری کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔‘
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’نمازِ جنازہ کے بعد شہید لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ اُن کے آبائی علاقے میں سپردِخاک کر دیا گیا۔‘
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، افواج پاکستان اور قوم اہلِ خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔‘