Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کیمرہ جو دماغ پڑھ لے‘، سونی کے نئے ایکسپیریا فون میں کون سے فیچرز خاص ہیں؟

سونی نے نئے فلیگ شپ سمارٹ فون ایکسپیریا ون ایٹ کو متعارف کرا دیا ہے۔(فوٹو: سونی)
جاپانی ٹیکنالوجی کمپنی سونی نے اپنا نیا فلیگ شپ سمارٹ فون ایکسپیریا ون ایٹ متعارف کرا دیا ہے، جس میں کئی برس بعد کمپنی نے اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ 
ٹیکنالوجی ویب سائٹ دی ورج کے مطابق کمپنی نے نہ صرف فون کے ظاہری انداز کو تبدیل کیا ہے بلکہ کیمرہ، آڈیو اور مصنوعی ذہانت سے متعلق متعدد نئے فیچرز بھی شامل کیے ہیں۔
سونی کے ایکسپیریا ون سیریز فونز سنہ 2020 سے تقریباً ایک جیسے ڈیزائن کے ساتھ پیش کیے جا رہے تھے، تاہم نئے ایکسپیریا ون ایٹ میں کمپنی نے اس روایت کو بدلتے ہوئے ایک نیا اور نسبتاً منفرد انداز اپنایا ہے۔
ماضی کے ایکسپیریا فونز میں تینوں کیمرے عمودی انداز میں اوپر بائیں کونے میں نصب ہوتے تھے، لیکن نئے ماڈل میں انہیں ایک مربع نما کیمرہ آئی لینڈ میں رکھا گیا ہے۔ اس بلاک میں تین کیمروں کے ساتھ فلیش اور سونی کا لوگو بھی موجود ہے۔
کیمرہ آئی لینڈ فون کی باڈی سے ابھرا ہوا ہے لیکن اس کے کنارے ڈھلوان انداز میں بنائے گئے ہیں۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق اس کا ڈیزائن کسی حد تک آئی فون جیسا محسوس ہوتا ہے، تاہم اس کی ساخت موٹرولا کے حالیہ ایج فونز سے زیادہ مشابہت رکھتی ہے۔
کمپنی نے فون کو بلیک، سلور، ریڈ اور گولڈ رنگوں میں متعارف کرایا ہے، جبکہ گولڈ کلر صرف سونی کے آن لائن اسٹور پر دستیاب ہو گا۔
فون کے بیک پینل، کیمرہ آئی لینڈ اور ایلومینیم کناروں پر ہلکی ٹیکسچر فنش دی گئی ہے جبکہ کیمرہ شٹر بٹن کو خاص انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ فوٹوگرافی کے دوران بہتر گرفت حاصل ہو سکے۔

کمپنی کے مطابق نئے فون کا سب سے بڑا اپ گریڈ اس کا ٹیلی فوٹو کیمرہ ہے۔(فوٹو: سونی)

سونی نے اپنے روایتی فیچرز کو بھی برقرار رکھا ہے، جن میں 3.5 ملی میٹر ہیڈ فون جیک اور مائیکرو ایس ڈی کارڈ سپورٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فون کو آئی پی 65 اور آئی پی 68 واٹر اور ڈسٹ ریزسٹنس ریٹنگ بھی دی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق نئے فون کا سب سے بڑا اپ گریڈ اس کا ٹیلی فوٹو کیمرہ ہے۔ ایکسپیریا ون ایٹ میں ایک اعشاریہ 56 انچ سینسر استعمال کیا گیا ہے جو گزشتہ ماڈل ایکسپیریا ون سیون کے مقابلے میں تقریباً چار گنا بڑا بتایا جا رہا ہے۔
یہ سینسر سائز میں ایپل اور سام سنگ کے کئی فلیگ شپ فونز سے بھی بڑا ہے اور اسے ویوو ایکس 300 الٹرا اور شیاؤمی 17 الٹرا جیسے پریمیم فونز کے قریب قرار دیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ مارکیٹ کے بہترین ٹیلی فوٹو کیمروں میں شامل ہو سکتا ہے۔(فوٹو: سونی)

48 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس ایف 2.8 اپرچر کے ساتھ دیا گیا ہے اور یہ 70 ملی میٹر کے مساوی زوم فراہم کرتا ہے۔ 
ماہرین کے مطابق اگر سونی کی امیج پروسیسنگ بہتر ثابت ہوئی تو یہ مارکیٹ کے بہترین ٹیلی فوٹو کیمروں میں شمار ہو سکتا ہے۔
تاہم بڑے سینسر کی وجہ سے کمپنی نے اپنے گزشتہ چار فلیگ شپ فونز میں موجود کانٹینیوس آپٹیکل زوم فیچر ختم کر دیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی دوران چینی کمپنی شیاؤمی نے اپنے نئے فون میں یہ فیچر شامل کیا ہے۔

فون میں مین اور الٹرا وائیڈ کیمرے بھی 48 میگا پکسل کے ہیں۔(فوٹو: سونی)

فون میں مین اور الٹرا وائیڈ کیمرے بھی 48 میگا پکسل کے ہیں، تاہم یہ زیادہ تر گزشتہ ماڈل جیسے ہی رکھے گئے ہیں۔
نئے ایکسپیریا ون ایٹ میں اے آئی کیمرہ اسسٹنٹ بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ فیچر تصویر لینے سے پہلے صارف کو مختلف تجاویز فراہم کرتا ہے، جن میں مناسب لینس، فریم، فلٹرز اور روشنی سے متعلق آپشنز شامل ہیں۔
یہ اے آئی اسسٹنٹ تصویر کے سبجیکٹ کو روشن کرنے جیسی باریک تبدیلیوں کی تجاویز بھی دیتا ہے جبکہ پس منظر کو متاثر نہیں کرتا۔ کمپنی کے مطابق اگر صارف چاہے تو اس فیچر کو مکمل طور پر بند بھی کیا جا سکتا ہے۔

فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری اور 30 واٹ فاسٹ چارجنگ دی گئی ہے۔(فوٹو: سونی)

رپورٹس کے مطابق یہ فیچر گوگل کے پکسل فونز میں موجود کیمرہ کوچ سے زیادہ جدید محسوس ہوتا ہے، تاہم کچھ صارفین اسے ہر وقت فعال رکھنے کے بجائے دستی طور پر استعمال کرنے کو ترجیح دے سکتے ہیں۔
فون میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری اور 30 واٹ فاسٹ چارجنگ دی گئی ہے، جو گزشتہ ماڈل جیسی ہی ہے۔
اس میں 12 جی بی ریم اور 256 جی بی سٹوریج بھی شامل ہے جبکہ ابتدائی قیمت ایک ہزار تین سو 99 پاؤنڈ رکھی گئی ہے۔

شیئر: