Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'پڑھائی نے مجھے مشہور کر دیا'، 61 سالہ انڈین خاتون نے 45 برس بعد میٹرک کر لیا

انڈیا کی ریاست پنجاب سے تعلق رکھنے والی 61 سالہ خاتون نریندر کور نے 45 برس بعد دوبارہ قلم اٹھا کر نہ صرف دسویں جماعت کا امتحان دیا بلکہ 77 فیصد نمبر حاصل کر کے سب کو حیران بھی کر دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق نریندر کور پنجاب کے ضلع پھگواڑہ کے قریب سرہالی گاؤں کی رہائشی ہیں۔ جب وہ اپنے گھر کے دروازے پر ہاتھ میں کتاب تھامے کھڑی تھیں تو ایک نوجوان لڑکی نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا، ’مبارک ہو آنٹی جی۔‘ اس پر نریندر کور مسکراتے ہوئے بولیں، ’شکریہ جی۔‘
بعد ازاں اپنے کتابوں اور کاپیوں سے بھرے کمرے میں جاتے ہوئے انہوں نے خوشی سے کہا، ’میری پڑھائی نے مجھے مشہور کر دیا۔‘
نریندر کور نے تقریباً 45 برس کے وقفے کے بعد پنجاب سکول ایجوکیشن بورڈ کے اوپن سکول کے تحت دسویں جماعت کا امتحان دیا۔ ان کے لیے یہ کامیابی صرف اچھے نمبروں تک محدود نہیں بلکہ ایک ایسے خواب کی تعبیر بھی ہے جو کئی دہائیوں سے ان کے دل میں تھا۔
انہوں نے 1981 میں اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ دی تھی جبکہ چند برس بعد ان کی شادی ہو گئی، تاہم تعلیم حاصل کرنے کی خواہش کبھی ختم نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا ہے کہ ’میں اکثر کالج جانے کے خواب دیکھا کرتی تھی۔ میں نے اپنے رشتہ داروں سے بھی کہا کہ گھر والوں کو مجھے پڑھانے کے لیے راضی کریں، مگر ایسا نہ ہو سکا۔‘
بعد میں انہوں نے اپنا ادھورا خواب بیرون ملک مقیم اپنے بیٹوں سے شیئر کیا تو انہوں نے ماں کو دوبارہ تعلیم حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔
نریندر کور کے مطابق 45 برس بعد دوبارہ قلم پکڑنا بھی آسان نہیں تھا، اس لیے وہ روزانہ کئی گھنٹے لکھنے کی مشق کرتی تھیں۔
انہوں نے بغیر کسی ٹیوشن یا کوچنگ کے خود پڑھ کر امتحان کی تیاری کی۔ ان کا پسندیدہ مضمون انگریزی تھا جبکہ نوجوان طلبہ بھی ان کے عزم سے متاثر ہو گئے تھے اور مشکل سوالات سمجھنے کے لیے ان سے مدد لیتے تھے۔
نریندر کور کا کہنا ہے کہ دسویں جماعت ان کے سفر کی صرف شروعات ہے اور وہ انٹر اور گریجویشن بھی کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا، ’مجھے آج بھی لگتا ہے کہ لڑکیوں کو اپنی مرضی سے ہر کام کرنے کی آزادی ہونی چاہیے۔‘

شیئر: