Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کانز میں حسین رہر کی پیشکش جو عالمی توجہ کا مرکز بنی

حسین رہر نے کانز میں مختلف تقریبات کے دوران کئی منفرد لباس زیب تن کیے (فوٹو: انسٹاگرام)
مشہور پاکستانی فیشن ڈیزائنر حسین رہر نے ان دنوں ’کانز فلم فیسٹیول‘ میں اپنی شاندار موجودگی اور منفرد ڈیزائنز کے ذریعے عالمی توجہ حاصل کر رکھی ہے۔
’کانز‘ میں منعقدہ ایک خصوصی فیشن نمائش میں حسین رہر نے نہ صرف اپنے ملبوسات پیش کیے بلکہ اداکارہ صنم سعید کو بھی سٹائل کیا، جنہوں نے ریڈ کارپٹ پر اپنی دلکش شخصیت سے سب کو متاثر کیا۔
حسین رہر نے کانز میں مختلف تقریبات کے دوران کئی منفرد لباس زیب تن کیے، جن میں آئیوری شیروانی، گلابی چوڑی دار، انگارکھا سٹائل جیکٹ اور آفٹر پارٹی کے لیے جدید مغربی انداز کا سوٹ شامل تھا۔
سوشل میڈیا پر جہاں صنم سعید کے لُک کے چرچے رہے، وہیں حسین رہر کے سٹائل نے بھی خوب توجہ سمیٹی۔
’ڈان‘ کے مطابق انہیں کانز جانے کا علم صرف دو ہفتے قبل ہوا، جس کے بعد ان کی ٹیم نے دن رات محنت کر کے صنم سعید کے لیے خصوصی ملبوسات تیار کیے۔ ریڈ کارپٹ کے لیے صنم سعید کا نمایاں ’پیکاک ڈریس‘ مکمل طور پر نئے سرے سے تیار کیا گیا، جسے پھولوں سے مزین دوپٹے، ٹیکے اور گجرے کے ساتھ مکمل کیا گیا۔
صنم سعید نے حسین رہر کے ماضی کے کلیکشنز بھی پہنے، جن میں سبز مکیش ورک ساڑھی، جیون کلیکشن کا شیروانی سٹائل لباس اور میٹل ایمبیلشمنٹ والا بلیک گاؤن شامل تھا۔
حسین رہر کا کہنا تھا کہ ’میں دنیا کو لاہور کے ہنرمند کاریگروں کی محنت اور پاکستانی دستکاری کی خوبصورتی دکھانا چاہتے تھا۔‘

کانز میں حسین رہر کی نمائش کے ’اے ناٹ اِن ساؤتھ ایشیاز لوم‘ کے نام سے پیش کی گئی (فوٹو: انسٹاگرام)

کانز میں ان کی نمائش کے ’اے ناٹ اِن ساؤتھ ایشیاز لوم‘ کے نام سے پیش کی گئی، جس میں جنوبی ایشیائی فیشن اور لاہور کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کیا گیا۔ اس نمائش میں پاکستانی کاریگری اور روایتی ایمبرائیڈری کو مرکزی حیثیت دی گئی۔
اگرچہ سوشل میڈیا پر یہ سوال بھی اٹھے کہ آیا کانز میں شرکت سپانسرڈ تھی یا نہیں، تاہم حسین رہر نے وضاحت کی کہ انہیں بین الاقوامی میڈیا کمپنی ’یو ایس سٹوڈیوز‘ نے مدعو کیا تھا۔ انہوں نے اپنی نمائش کے اخراجات خود برداشت کیے تاکہ اپنے برینڈ کو عالمی سطح پر متعارف کرا سکیں۔

سوشل میڈیا پر حسین رہر کے سٹائل نے بھی خوب توجہ سمیٹی (فوٹو: انسٹاگرام)

دوسری جانب صنم سعید نے اپنی کانز شرکت کو پاکستان کی لیجنڈ اداکارہ و ہدایتکارہ بیگم شمیم آرا کے نام کیا۔ ایک جذباتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’شمیم آرا نے پاکستانی خواتین فنکاروں کے لیے راستے ہموار کیے اور ان کی محنت ہی آج کی نسل کے لیے عالمی پلیٹ فارمز تک رسائی کا سبب بنی۔‘
 

شیئر: