پاکستان کے وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے خطے میں قیام امن کے لیے امریکی صدر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان و سعودی عرب سمیت دوسرے ممالک کے رہنماؤں تازہ ٹیلی فونک بات چیت کو علاقائی امن کی طرف اہم قرار دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو ایکس پر ایک پوسٹ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ’غیرمعمولی کوششوں‘ اور خطے کی قیادت بشمول فیلڈ مارشل عاصم منیر کے، سے رابطے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انتھک کوششوں کو سراہا۔
شہباز شریف کے مطابق ’پاکستان پورے خلوص نیت سے امن کے لیے کوششیں جاری رکھے گا اور ہمیں امید ہے کہ بہت جلد مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی کریں گے۔‘
اسی طرح نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پوسٹ میں لکھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، قطر، مصر، یو اے ای اور اردن کے رہنماؤں سے رابطے علاقائی امن، استحکام اور مسئلے کے جلد سفارتی حل کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے اہم پیشرفت ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہم صدر ٹرمپ کی قیادت اور مذاکرات و سفارت کاری کے حوالے سے ان کے عزم کو سراہتے ہیں جبکہ نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کُنشر کی کوششوں کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جن کی مسلسل کوششوں اور رابطوں نے مذاکرات میں پیشرفت اور ان کو بامعنی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔‘
اسحاق ڈار نے ایرانی قیادت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی جانب سے بھی اختیار کیے گئے تعمیری کردار کو بھی سراہا۔
ان کے مطابق ’ایرانی صدر مسعود پزشکیان، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور سپیکر محمد باقر قالیباف نے امن کے لیے ہونے والی کوششوں کو آگے بڑھانے میں تعاون کیا۔‘
بیان میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے علاوہ علاقائی شراکت داروں اور دیگر ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ان کے مطابق وہ 28 فروری کے بعد سے ان ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے جن میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، ترکیہ کے ہاکان فیدان، مصر کے وزیر خارجکہ بدر عبدالعاطی، قطر کے محمد بن عبدالرحمان الثانی اور دیگر شامل ہیں اور ان کے تعاون نے ایشوز کو حتمی نتیجے تک لانے میں
نائب وزریراعظم و وزیر خارجہ اسحاق نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ذکر بھی کیا۔
ان کے مطابق ’محمد شہباز شریف کی دور اندیش قیادت اور امن کے لیے ان کے غیرمتزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی اس حساس اور اہم عمل کے دوران مرکزی کردار ادا کیا اور بات چیت میں پاکستان کی نمائندگی کی۔‘
انہوں نے پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے مذاکراتی عمل کے دوران کی گئی سفارتی کوششوں اور تعاون کو بھی سراہا۔