Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوریا کمار یادیو کی جگہ شریاس ایئر؟ انڈیا کی ٹی20 ٹیم کی قیادت میں تبدیلی متوقع

انڈیا کے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے کے لیے ٹی20 سکواڈ کا اعلان سنیچر کو متوقع ہے۔(فوٹو:اے ایف پی)
انڈیا کی ٹی20 ٹیم کی قیادت میں تبدیلی متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق شریاس ایئر سوریا کمار یادیو کی جگہ نئے کپتان بننے جا رہے ہیں، جبکہ 15 سالہ ویبھو سوریاونشی کو پہلی مرتبہ قومی ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق انڈیا کے قومی سلیکٹرز 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس اور اسی سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
انڈیا کے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے کے لیے ٹی20 سکواڈ کا اعلان سنیچر کو متوقع ہے۔  مارچ میں ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد یہ انڈیا کی پہلی ٹی20 بین الاقوامی سیریز ہوگی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 35 سالہ سوریا کمار یادیو کو نہ صرف کپتانی سے ہٹایا جا سکتا ہے بلکہ انہیں ٹی20 سکواڈ سے بھی باہر کیے جانے کا امکان ہے۔
سوریا کمار یادیو کی پوزیشن پر سوالات اس وقت اٹھے جب وہ ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ انہوں نے نو اننگز میں 242 رنز بنائے اور ان کا سٹرائیک ریٹ 136.72 رہا۔
آئی پی ایل 2026 میں بھی ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی، جہاں انہوں نے 13 اننگز میں 270 رنز بنائے، ان کی اوسط 20.76 اور سٹرائیک ریٹ 147.54 رہا۔
دوسری جانب 31 سالہ شریاس ایئر دسمبر 2023 کے بعد کوئی ٹی20 انٹرنیشنل میچ نہیں کھیل سکے۔ سوریا کمار یادیو اور تلک ورما کی موجودگی کے باعث انہیں مڈل آرڈر میں جگہ نہیں مل سکی تھی۔
شریاس ایئر کو رواں سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران انجری کے متبادل کے طور پر سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، تاہم انہیں کوئی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا کیونکہ انڈیا نے ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کو ترجیح دی تھی۔
تاہم شریاس ایئر کی قیادت کا ریکارڈ مضبوط سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے 2024 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو آئی پی ایل کا ٹائٹل جتوایا جبکہ 2020 میں دہلی کیپیٹلز اور 2025 میں پنجاب کنگز کو فائنل تک پہنچایا۔
بطور بیٹر بھی ان کی حالیہ کارکردگی متاثر کن رہی ہے۔ آئی پی ایل 2025 میں انہوں نے 604 رنز 175.07 کے سٹرائیک ریٹ سے بنائے جبکہ آئی پی ایل 2026 میں 498 رنز 168.81 کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیے۔

اگر 15 سالہ ویبھو سوریاونشی کا انتخاب ہوتا ہے توسچن ٹنڈولکر کے بعد انڈیا کی ٹیم میں کم عمر ترین کھلاڑی بن جائیں گے۔(فوٹو:اے ایف پی)

یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب انڈیا کے سلیکٹرز کسی بڑے ٹورنامنٹ جیتنے والے کپتان کی جگہ نئی قیادت پر غور کر رہے ہیں۔ 2025 میں روہت شرما نے انڈیا کو چیمپیئنز ٹرافی جتوائی تھی، تاہم بعد میں انہیں ون ڈے کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا، اگرچہ وہ ٹیم کا حصہ برقرار رہے تھے۔
ادھر 15 سالہ ویبھو سوریاونشی پہلی مرتبہ انڈیا کی سینئر ٹیم میں جگہ بنانے کے قریب ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل کے حالیہ سیزن میں 776 رنز بنائے اور ان کا سٹرائیک ریٹ 237.30 رہا۔
اگر ان کا انتخاب ہوتا ہے تو وہ 1980 کی دہائی کے آخر میں سچن ٹنڈولکر کے بعد انڈیا کی مردوں کی ٹیم میں منتخب ہونے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن جائیں گے۔
آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے سے قبل ویبھو سوریاونشی 9 سے 21 جون تک سری لنکا میں ہونے والی سہ فریقی سیریز میں انڈیا اے کی نمائندگی کریں گے، جس میں افغانستان بھی شریک ہوگا۔
انڈیا 26 اور 28 جون کو بیلفاسٹ میں آئرلینڈ کے خلاف دو ٹی20 میچ کھیلے گا، جس کے بعد یکم سے 11 جولائی تک انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز میں حصہ لے گا۔
 

شیئر: