Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 فیفا ورلڈ کپ 2026: آٹھ بھائیوں کی جوڑیاں میدان میں، چار مختلف ممالک کی نمائندگی کریں گی

گیلا ڈوئے آئیوری کوسٹ کی قومی ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بھائی دیزیرے ڈوئے فرانس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔(فوٹو: گیٹی امیجز)
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں جہاں دنیا کی بہترین فٹبال ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی، وہیں آٹھ بھائیوں کی جوڑیاں بھی ٹورنامنٹ کا حصہ بنیں گی، جن میں سے چار مختلف ممالک کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
برطانوی سپورٹس ویب سائٹ ایچ آئی ٹی سی کی ای رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ میں شریک ہونے والے یہ بھائی نہ صرف خاندانی رشتوں بلکہ مختلف قومی شناختوں کی وجہ سے بھی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
سب سے دلچسپ کہانی ڈوئے برادران کی ہے۔
گیلا ڈوئے آئیوری کوسٹ کی قومی ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بھائی دیزیرے ڈوئے فرانس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
اسی طرح ایتھلیٹک بلباؤ سے تعلق رکھنے والے ایناکھی ولیمز اور نیکو ولیمز بھی مختلف ممالک کے لیے کھیلتے ہیں۔ ایناکھی نے گھانا کی نمائندگی کا فیصلہ کیا جبکہ نیکو سپین کی قومی ٹیم کا حصہ ہیں اور یورو 2024 جیتنے والی ٹیم میں شامل رہے تھے۔
گھانا کے مدافع ڈیرک لکاسن اور نیدرلینڈز کے فارورڈ برائن بروبی بھی بھائی ہیں لیکن مختلف قومی ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہیں۔

فرانس کی ٹیم میں لوکاس ہرنانڈیز اور تھیو ہرنانڈیز دونوں شامل ہیں۔(فوٹو: گیٹی امیجز)

اسی طرح جان ساؤٹر اسکاٹ لینڈ جبکہ ان کے بھائی ہیری ساؤٹر آسٹریلیا کی قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں۔

 ایک ہی ملک کے لیے کھیلنے والے بھائی

فرانس کی ٹیم میں لوکاس ہرنانڈیز اور تھیو ہرنانڈیز دونوں شامل ہیں۔ لوکاس 2018 میں ورلڈ کپ جیتنے والی فرانسیسی ٹیم کا حصہ تھے جبکہ تھیو موجودہ سکواڈ کے اہم دفاعی کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔
نیدرلینڈز کی ٹیم میں کوئنٹن ٹمبر اور یورین ٹمبر ایک ساتھ کھیل رہے ہیں۔
کیپ ورڈے کی قومی ٹیم کے لیے لاروس دوارٹے اور ڈیروئے دوارٹے میدان میں اتریں گے۔

کیوراساؤ کی ٹیم میں لیانڈرو باکونا اور جونینو باکونا بھی شامل ہیں، جن میں لیانڈرو ٹیم کے کپتان سمجھے جاتے ہیں۔(فوٹو: گیٹی امیجز)

اسی طرح کیوراساؤ کی ٹیم میں لیانڈرو باکونا اور جونینو باکونا بھی شامل ہیں، جن میں لیانڈرو ٹیم کے کپتان سمجھے جاتے ہیں۔

 کیا ورلڈ کپ میں بھائی آمنے سامنے آ سکتے ہیں؟

رپورٹ کے مطابق مختلف ممالک کی نمائندگی کرنے والے تمام بھائی الگ الگ گروپس میں شامل ہیں، اس لیے گروپ مرحلے میں ان کا ایک دوسرے کے خلاف کھیلنا ممکن نہیں۔
آئیوری کوسٹ گروپ ای جبکہ فرانس گروپ آئی میں شامل ہے، اس لیے گیلا اور دیزیرے ڈوئے کا ممکنہ مقابلہ صرف ناک آؤٹ مرحلے میں ہو سکتا ہے۔
اسی طرح سپین گروپ ایچ اور گھانا گروپ ایل میں موجود ہیں، جس کی وجہ سے ایناکھی اور نیکو ولیمز بھی ابتدائی مرحلے میں ایک دوسرے کے مدمقابل نہیں آئیں گے۔

ڈیرک لکاسن اور برائن بروبی کی ٹیمیں بھی الگ گروپس میں ہیں۔(فوٹو: گیٹی امیجز)

ڈیرک لکاسن اور برائن بروبی کی ٹیمیں بھی الگ گروپس میں ہیں جبکہ جان اور ہیری ساؤٹر کے درمیان ممکنہ مقابلہ بھی صرف ناک آؤٹ مرحلے میں ہی ممکن ہوگا۔

 ورلڈ کپ کی منفرد خاندانی کہانیاں

 فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اس وقت بھائیوں کی آٹھ جوڑیوں کی شرکت یقینی ہے، جن میں چار ایک ہی ملک اور چار مختلف ممالک کی نمائندگی کریں گی۔
اب ٹورنامنٹ کے نتائج اور ناک آؤٹ مرحلے کی جوڑیاں ہی فیصلہ کریں گی کہ آیا ان بھائیوں میں سے کوئی ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے ہوئے فٹبال کی تاریخ میں ایک یادگار باب رقم کر پاتا ہے یا نہیں۔

 

شیئر: