Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنہ 2025 میں روزگار کی تلاش میں 7 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئے، کِس کِس ملک کا رُخ کیا؟

سنہ 2025 میں 5 لاکھ 30 ہزار 256 پاکستانی ورکرز روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب گئے (فائل فوٹو: گیٹی)
قومی اقتصادی سروے 2026-2025 کے اعدادوشمار کے مطابق 2025 میں 7 لاکھ سے زائد پاکستانی روزگار کی تلاش میں بیرون ملک روانہ ہوئے، جن میں سے بڑی تعداد نے سعودی عرب کا رُخ کیا۔
سروے دستاویزات کے مطابق بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی کل تعداد میں سے قریباً 70 فیصد افراد صرف سعودی عرب منتقل ہوئے۔ 
سنہ 2025 کے دوران مجموعی طور پر 5 لاکھ 30 ہزار 256 پاکستانی ورکرز روزگار کے لیے سعودی عرب گئے۔
سروے رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے بعد قطر پاکستانی افرادی قوت کے لیے دوسرا بڑا مرکز رہا، جہاں 68 ہزار 376 پاکستانی روزگار کے لیے گئے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، عمان اور برطانیہ جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں گذشتہ سال کے مقابلے میں واضح کمی دیکھی گئی۔
سنہ 2025 میں 52 ہزار 664 پاکستانی ورکرز یو اے ای گئے، جبکہ 2024 میں یہ تعداد 64 ہزار 130 تھی۔
اسی عرصہ کے دوران عمان جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں بھی بڑی کمی آئی اور صرف 9 ہزار 375 ورکرز نے وہاں کا رُخ کیا، جبکہ 2024 میں یہ تعداد 81 ہزار 587 تھی۔
سنہ 2025 میں 4 ہزار 355 پاکستانی روزگار کے لیے برطانیہ چلے گئے، جبکہ 2024 میں 13 ہزار 795 پاکستانی برطانیہ پہنچے تھے۔

شیئر: