عامر خان کی یادگار فلم ’لگان‘ کی ریلیز کے 25 سال مکمل
عامر خان کی یادگار فلم ’لگان‘ کی ریلیز کے 25 سال مکمل
منگل 16 جون 2026 12:51
اداکارہ گریسی سنگھ نے کہا کہ فلم ’لگان‘ میں کام حاصل کرنے کے لیے دو بار آڈیشن دینا پڑا (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)
انڈین سنیما کی بہترین فلموں میں شمار ہونے والی ’لگان‘ (2001) نے 15 جون کو اپنی ریلیز کے 25 شاندار سال مکمل کر لیے۔
یہ فلم نہ صرف اپنے منفرد موضوع، موسیقی، ہدایت کاری اور سنسنی خیز اختتام کی وجہ سے یاد رکھی جاتی ہے بلکہ اپنی شاندار کاسٹ کے باعث بھی بہت مقبول ہوئی۔ اس میں کرکٹ کھیلنے والے کرداروں نے تو خاص طور پر سب کی توجہ حاصل کی لیکن دیگر اداکاروں کو بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے کا بھرپور موقع ملا۔ ان میں نمایاں نام اداکارہ گریسی سنگھ کا تھا۔
سنہ 2021 میں فلم کی 20ویں سالگرہ کے موقع پر خوبصورت اور باصلاحیت اداکارہ گریسی سنگھ نے بالی وڈ ہنگامہ کو ایک خصوصی انٹرویو میں یہ ذکر بھی کیا کہ انہیں گوری کا کردار کیسے ملا۔ اس کہانی کا تعلق 1967 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جیول تھیف‘ کے ایک گانے سے بھی جڑا ہوا ہے جس میں وجنتی مالا نے پرفارم کیا تھا۔
اس وقت گریسی سنگھ نے بتایا کہ ’میں جب فلم ’امانت‘ میں کام کر رہی تھی تو ایک سینیئر منیجر جوشی جی مجھ پر زور دیتے تھے کہ مجھے ہندی فلموں میں کام کرنا چاہیے۔ ان کے ذریعے ہی مجھے ’لگان‘ کے آڈیشنز کا پتا چلا۔ اصل میں وہی مجھے وہاں لے کر گئے تھے۔ مجھے منتخب ہونے سے پہلے دو بار آڈیشن دینا پڑا۔ مجھے اپنا پسندیدہ گانا ’ہونٹوں پہ ایسی بات‘ پر ڈانس کرنے کو کہا گیا تھا۔‘
وہ مزید کہتی ہیں کہ ’سکرین ٹیسٹ دیتے ہوئے مجھے بہت اچھا لگا۔ مجھے خوشی تھی کہ سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے اور مجھے یہ کردار مل گیا۔ مجھے پہلے سے کردار اور کہانی کا علم نہیں تھا۔ جب پتا چلا تو بہت خوش ہوئی کیونکہ مجھے تاریخی پس منظر والی فلمیں بہت پسند ہیں اور میں ہمیشہ ایسی فلم کرنا چاہتی تھی۔‘
فلم ’لگان‘ اپنے منفرد موضوع، موسیقی، ہدایت کاری اور سنسنی خیز اختتام کی وجہ سے یاد رکھی جاتی ہے (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)
گریسی سنگھ نے اداکار اور پروڈیوسر عامر خان کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ’میں عامر خان کی بہت بڑی مداح تھی اور وہ بہت متاثر کن تھے۔ میرے ایک سکرین ٹیسٹ میں عامر خان بھی موجود تھے، اس لیے میں بہت نروس تھی۔ لیکن انہوں نے خود کو مکمل طور پر بھوون کے کردار میں ڈھال لیا۔ ریہرسل اور شوٹنگ کے دوران وہ اپنے کردار میں ہی رہتے تھے اور ہم سب بھی ان کے ساتھ ان کے کردار کے مطابق ہی پیش آتے تھے۔ ان کی محنت اور لگن قابلِ تعریف تھی۔ ہم سب انہیں دیکھ کر پرجوش ہو جاتے تھے۔ پوری ٹیم بہت شاندار تھی۔ اتنے اچھے لوگوں کے ساتھ کام کرنا ایک نعمت تھی۔‘
اُن سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے کبھی ہدایت کار آشوتوش گواریکر سے یہ کہا کہ گوری کو بھوون کی ٹیم میں کرکٹ کھیلنے کا موقع کیوں نہیں ملا؟ تو گریسی سنگھ مسکرا دیں اور بولیں کہ ’نہیں، میں نے کبھی یہ نہیں پوچھا، بس گوری کو میچ دیکھ کر اچھا لگ رہا تھا۔ لیکن ہاں، دل چاہتا تھا کہ میں بھی فلم میں کرکٹ کھیلتی۔ فلم میں بطور کردار اور ذاتی طور پر بھی میرا بہت دل تھا۔‘