’ایک وقت تھا جب دوست کھانا دیتے تھے‘، عاطف اسلم کا لندن کنسرٹ میں اظہارِ خیال
عاطف اسلم نے لندن کنسرٹ میں دوستوں کی حمایت اور قربانیوں کو یاد کیا۔(فوٹو:عاطف، انسٹاگرام)
پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے لندن میں اپنے حالیہ کنسرٹ کے دوران ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے ان دوستوں کو یاد کیا جنہوں نے ان کے ابتدائی دنوں میں ان کا ساتھ دیا تھا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم سائٹ انسٹاگرام پر وائرل ایک ویڈیو میں عاطف اسلم لندن کے معروف او ٹو ایرینا میں حاضرین سے گفتگو کرتے نظر آتے ہیں۔
کنسرٹ کے دوران عاطف اسلم نے کہا کہ ’کئی سال پہلے لاہور کا ایک لڑکا تھا۔ جیسے عام لوگ جیب خرچ پر گزارا کرتے ہیں۔ میرے دوستوں نے میرے لیے بہت قربانیاں دیں۔ وہ مجھے اپنا لنچ دے دیتے تھے، کالج جانے کے لیے سواری دیتے تھے۔ کون جانتا تھا کہ 20 سال بعد وہی لڑکا لندن کے او ٹو ایرینا میں کھڑا ہوگا۔‘
عاطف اسلم نے اپنا مشہور گانا ’جل پری‘ ان تمام لوگوں کے نام کیا جنہوں نے ان کے پہلے البم کی تیاری اور ریلیز کے دوران ان کا ساتھ دیا۔
انہوں نے مداحوں سے کہا کہ یہ گانا ان لوگوں کے لیے بھی ہے جو ان کے اگلے البم کا انتظار کر رہے ہیں۔
اسی موقع پر عاطف اسلم نے اپنے نئے البم کا اعلان بھی کیا۔ گلوکار نے بتایا کہ 2008 کے بعد یہ ان کا پہلا نیا سٹوڈیو البم ہوگا جو اگست کے پہلے ہفتے میں ریلیز کیا جائے گا۔
اگرچہ انہوں نے البم کا نام یا دیگر تفصیلات سے پردہ نہیں اٹھایا، تاہم مداحوں کو یقین دلایا کہ نئی موسیقی جلد ان کے سامنے ہوگی۔
عاطف اسلم نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میں آپ سب کا جتنا بھی شکریہ ادا کروں کم ہے، آپ پورے سفر میں میرے ساتھ رہے ہیں۔‘
سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد انٹرنیٹ صارفین نے عاطف اسلم کی گفتگو، انکساری اور اپنے دوستوں کو یاد رکھنے کے انداز کو سراہا۔
متعدد صارفین نے کہا کہ کامیابی کے اس مقام پر پہنچنے کے باوجود اپنے ابتدائی دنوں اور دوستوں کو یاد رکھنا عاطف اسلم کی شخصیت کا مثبت اور متاثر کن پہلو ہے۔
بعض صارفین نے نئے البم کے اعلان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ طویل عرصے سے عاطف اسلم کی نئی موسیقی کے منتظر تھے اور اگست میں اس کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں۔
کئی مداحوں نے عاطف اسلم کی عاجزی، اپنے ماضی سے وابستگی اور مداحوں کے ساتھ تعلق کو ان کی مقبولیت کی اہم وجوہات قرار دیا۔
عاطف اسلم کا شمار پاکستان کے مقبول ترین گلوکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بینڈ ’جل‘ کے ساتھ کیا تھا اور بعد ازاں ’جل پری‘، ’دوری‘، ’عادت‘، ’تیرے بن‘ اور متعدد مقبول گانوں کے ذریعے پاکستان سمیت دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔