آئی فون 18 پرو کب لانچ ہوگا؟ ممکنہ فیچرز اور ریلیز ڈیٹ سامنے آگئی
ایپل پہلی بار ویری ایبل اپرچر مین کیمرہ متعارف کرا سکتا ہے (فوٹو: سی نیٹ)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کا آنے والا ’آئی فون 18 پرو‘ 2026 کی سب سے زیادہ متوقع سمارٹ فون لانچز میں شمار کیا جا رہا ہے۔
’میک ابزرور‘ کے مطابق کمپنی نے ابھی تک اس ڈیوائس کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم مختلف لیکس اور انڈسٹری رپورٹس کے مطابق ’آئی فون 18 پرو‘ اور ’آئی فون 18 پرو میکس‘ ستمبر 2026 میں متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایپل اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے ستمبر میں ہونے والے خصوصی ایونٹ کے دوران ’آئی فون 18 پرو‘ سیریز پیش کرے گا۔
متعدد تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ سمارٹ فون کا اعلان ستمبر کے دوسرے ہفتے میں کیا جائے گا، جبکہ پری آرڈرز اور فروخت کا آغاز اسی ماہ کے آخر تک متوقع ہے۔ بعض رپورٹس میں رواں برس 18 ستمبر کو ممکنہ ریلیز ڈیٹ قرار دیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ افواہوں کے مطابق ایپل 2026 میں اپنی آئی فون لانچ حکمتِ عملی میں تبدیلی لا سکتا ہے۔
اطلاعات ہیں کہ ’آئی فون 18 پرو‘ ماڈلز پہلے متعارف کرائے جائیں گے، جبکہ معیاری ’آئی فون 18‘ کی لانچ 2027 کے آغاز تک مؤخر کی جا سکتی ہے۔
متوقع فیچرز کی بات کی جائے تو ’آئی فون 18 پرو‘ میں ایپل کا نیا ’اے20 پرو‘ چپ سیٹ استعمال ہونے کا امکان ہے، جو ٹو نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگا۔ اس نئی چپ سے بہتر کارکردگی، طاقتور اے آئی فیچرز اور زیادہ بیٹری ایفیشنسی ملنے کی توقع ہے۔
کیمرہ سسٹم میں بھی نمایاں اپ گریڈ متوقع ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ایپل پہلی بار ویری ایبل اپرچر مین کیمرہ متعارف کرا سکتا ہے، جس سے صارفین روشنی اور ڈیپتھ ایفیکٹس پر مزید کنٹرول حاصل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ ڈائنامک آئی لینڈ کے سائز میں کمی اور نئے پریمیم رنگوں کی شمولیت کی بھی اطلاعات ہیں۔

میموری کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ ’آئی فون 18 پرو‘ میں 12 جی بی تک ریم دی جا سکتی ہے، جبکہ ایپل کا نیا ’سی ٹو‘ موڈیم بہتر کنیکٹیویٹی فراہم کرے گا۔ اسی طرح ’ایپل انٹیلی جنس‘ سے متعلق اے آئی فیچرز کو بھی مزید بہتر بنانے کی توقع ہے۔
قیمت کے بارے میں ایپل نے کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ’آئی فون 18 پرو‘ پریمیم فلیگ شپ کیٹیگری میں ہی رہے گا۔ بعض تجزیہ کاروں کے مطابق بڑھتی ہوئی مینوفیکچرنگ لاگت اور میموری کی قیمتوں کے باعث اس کی قیمت میں اضافہ بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
یاد رہے کہ مذکورہ تمام معلومات لیکس اور انڈسٹری رپورٹس پر مبنی ہیں اور ایپل نے تاحال ’آئی فون 18 پرو‘ سے متعلق کسی بھی تفصیل کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
