Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرانس: بیوی کو قتل کر کے لاش کے ٹکڑے پارک میں پھینکنے والے شوہر کو 27 سال قید

فرانس میں 2024 کے دوران 107 خواتین کو ان کے موجودہ یا سابقہ ساتھیوں نے قتل کیا (فائل فوٹو: لی مونڈے)
فرانس میں سنہ 2023 میں اپنی بیوی کا گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کے ٹکڑے کر کے انہیں پیرس کے ایک پارک میں بکھیرنے والے شخص کو جمعہ کے روز 27 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
پارک کے ملازمین کو فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے شمال مشرق میں واقع بٹس چومونٹ پارک سے ایک پلاسٹک کا تھیلا ملا تھا جس میں خاتون کی لاش کے ٹکڑے موجود تھے۔ یہ پارک پکنک منانے والے خاندانوں اور جاگنگ کرنے والوں میں کافی مقبول ہے۔ اگلے ہی دن خاتون کا سر بھی برآمد ہو گیا تھا۔
تفتیش کاروں کے مطابق اس جوڑے کا تعلق بنیادی طور پر الجزائر سے تھا اور ان کے تین بچے ہیں۔ وہ پیرس کے مضافات میں رہتے تھے لیکن ان دونوں کے تعلقات خراب ہو چکے تھے اور وہ شدید مالی مشکلات کا شکار تھے۔
اس شخص نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد لاش کو صوفے پر لٹا کر کمبل سے ڈھانپ دیا، اور بچوں سے کہا کہ وہ اپنی ماں کو تنگ نہ کریں کیونکہ وہ تھکی ہوئی ہے۔ اس کے بعد وہ لاش کاٹنے والا اوزار (اینگل گرائنڈر) خریدنے باہر چلا گیا۔
اس نے اگرچہ بعد میں بیوی کے فون پر پیغامات بھی بھیجے جن میں پوچھا گیا تھا کہ وہ کہاں ہے، لیکن اس نے بالآخر پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کر ہی لیا۔
پیرس کی ایک عدالت نے جمعہ کو اس 53 سالہ شخص کو قتل کے جرم میں سزا سنائی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، فرانس میں 2024 کے دوران 107 خواتین کو ان کے موجودہ یا سابقہ ساتھیوں نے قتل کیا، جو اس سے پچھلے سال کے مقابلے میں 11 فیصد اضافہ ہے۔

شیئر: