Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سام سنگ زی فولڈ 8‘ کی تقریب سے قبل بڑی لِیک، اہم فیچرز کون کون سے ہیں؟

لیکس کے مطابق ’سام سنگ گلیکسی زی فولڈ ایٹ‘ لیونڈر رنگ میں پیش کیا جائے گا (فوٹو: اے بی)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ’سام سنگ‘ کے 22 جولائی کو ہونے والی ’گلیکسی اَن پیکڈ‘ ایونٹ سے چند روز قبل معروف ٹیک لیکر ایون بلاس نے کمپنی کے مبینہ آفیشل مارکیٹنگ میٹریل کی تصاویر جاری کر دی ہیں، جن میں ’سام سنگ گلیکسی زی فولڈ ایٹ‘، ’سام سنگ گلیکسی زی فولڈ ایٹ الٹرا‘ اور ’سام سنگ گلیکسی واچ نائن‘ کی تقریباً تمام اہم خصوصیات سامنے آ گئی ہیں۔
’فون ارینا‘ کے مطابق ایون بلاس ماضی میں بھی ’سام سنگ‘ کی مصنوعات سے متعلق درست معلومات لیک کرتے رہے ہیں، اسی لیے اس بار سامنے آنے والی تصاویر کو بھی کافی حد تک قابلِ اعتماد قرار دیا جا رہا ہے۔
لیک ہونے والی تصاویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ 22 جولائی کی تقریب میں بہت کم نئی معلومات سامنے آئیں گی کیونکہ زیادہ تر فیچرز پہلے ہی منظر عام پر آ چکے ہیں۔
لیکس کے مطابق ’سام سنگ گلیکسی زی فولڈ ایٹ‘ لیونڈر رنگ میں پیش کیا جائے گا، جبکہ اس میں جدید ڈوئل رئیر کیمرہ سسٹم، طاقتور پروسیسر اور گلیکسی اے آئی کے نئے فیچرز شامل ہوں گے، جو صارفین کو مصنوعی ذہانت پر مبنی مزید سہولیات فراہم کریں گے۔
اسی طرح ’سام سنگ گلیکسی زی فولڈ ایٹ الٹرا‘ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس میں گزشتہ سال کے ’سام سنگ گلیکسی زی فولڈ سیون‘ جیسا کیمرہ ہارڈویئر برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ ’سام سنگ گلیکسی زی فولڈ ایٹ‘ کے عقب میں 50 میگا پکسل پلس 50 میگا پکسل کا ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ ہوگا۔ لیک میں بیٹری کی نئی گنجائش اور دیگر تکنیکی تفصیلات بھی تقریباً حتمی قرار دی گئی ہیں۔
’سام سنگ‘ کے نئے فولڈ ایبل فون کی بیٹری لائف میں بھی نمایاں بہتری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ لیک شدہ مارکیٹنگ مواد کے مطابق ’سام سنگ گلیکسی زی فولڈ ایٹ‘ ایک مرتبہ چارج کرنے پر 26 گھنٹے تک ویڈیو پلے بیک فراہم کرے گا، جو گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں نمایاں پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ ’سام سنگ گلیکسی زی فولڈ سیون‘ کے صارفین کی جانب سے بیٹری بیک اپ اور چارجنگ سپیڈ پر تنقید کی جاتی رہی ہے، جسے کمپنی نے نئے ماڈل میں بہتر بنانے کی کوشش کی ہے۔

’سام سنگ‘ کے نئے فولڈ ایبل فون کی بیٹری لائف میں بھی نمایاں بہتری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے (فوٹو: اے بی)

دوسری جانب لیک میں سام ’سنگ گلیکسی واچ نائن‘ کی بھی جھلک دکھائی گئی ہے۔ اگرچہ سمارٹ واچ کے ڈیزائن میں بڑی تبدیلی نظر نہیں آتی، تاہم تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ اس میں ’سنیپ ڈریگن ویئر ایلیٹ‘ چپ استعمال کی جائے گی، جبکہ صحت اور فٹنس سے متعلق جدید فیچرز بھی شامل ہوں گے، جو صارفین کی روزمرہ سرگرمیوں، ورزش، دل کی دھڑکن، نیند اور دیگر صحت سے متعلق معلومات کی نگرانی میں مدد فراہم کریں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سام سنگ کا نیا فولڈ ایبل فون ایک ایسے وقت میں سامنے آ رہا ہے جب ایپل بھی اپنے پہلے فولڈ ایبل آئی فون پر کام کر رہا ہے۔ افواہوں کے مطابق ایپل کے فولڈ ایبل آئی فون میں 7.8 انچ کی بڑی ڈسپلے اور چار ہزار 700 ملی ایمپیئر آور بیٹری دی جا سکتی ہے، جس کے باعث فولڈ ایبل سمارٹ فونز کی مارکیٹ میں دونوں کمپنیوں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
اب تمام نظریں 22 جولائی کو ہونے والی گلیکسی اَن پیکڈ تقریب پر مرکوز ہیں، جہاں یہ واضح ہوگا کہ سام سنگ کے پاس لیک ہونے والی معلومات کے علاوہ بھی صارفین کے لیے کوئی نیا سرپرائز موجود ہے یا نہیں۔

شیئر: