Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمازون نے پہلی بار اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم والے ٹیبلٹس متعارف کرا دیے

’الیکسا ٹیبلٹس‘ کی ابتدائی قیمت 230 ڈالر سے 500 ڈالر تک ہے (فائل فوٹو: ایمازون)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ’ایمازون‘ نے پہلی بار ایسے ٹیبلٹس متعارف کرا دیے ہیں جو ’گوگل‘ کے ’اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم‘ پر چلیں گے اور ان میں کمپنی کا جدید اے آئی وائس اسسٹنٹ ’الیکسا پلس‘ بھی شامل ہوگا۔
خبر رساں ایجنسی ’روئٹرز‘ کے مطابق کمپنی نے یہ اقدام مہنگے اور اعلیٰ معیار کے ڈیوائسز کی مارکیٹ میں قدم بڑھانے کی حکمت عملی کے تحت کیا ہے۔
امریکی شہر سان فرانسسکو میں جمعرات کو متعارف کرائے گئے ’الیکسا ٹیبلٹس‘ کی ابتدائی قیمت 230 ڈالر سے 500 ڈالر تک ہے، جبکہ سب سے مہنگے ماڈل کی قیمت 550 ڈالر ہے۔ تمام نئے ٹیبلٹس ایلومینیم باڈی کے ساتھ پیش کیے گئے ہیں، جو ’ایمازون‘ کے سابقہ فائر ٹیبلٹس میں استعمال ہونے والی پلاسٹک باڈی سے مختلف ہے۔
550 ڈالر کا 128 جی بی سٹوریج والا اعلیٰ ماڈل ایپل کے 450 ڈالر کے ’آئی پیڈ‘ اور ’سام سنگ‘ کے 550 ڈالر کے ’گلیکسی ٹیبلٹ‘ کے مقابلے میں پیش کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ’ایمازون‘ کا مہنگا ترین فائر ایچ ڈی 10 ٹیبلٹ تقریباً 180 ڈالر میں دستیاب تھا، اگرچہ کمپنی اکثر اس پر رعایت دیتی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ’ایمازون‘ نے ان ٹیبلٹس کو ’کٹی ہاک‘ کے کوڈ نام سے تیار کیا تھا اور اب فائر او ایس سے اینڈرائیڈ کی جانب منتقل ہوگیا ہے۔ فائر او ایس دراصل اینڈرائیڈ کا تبدیل شدہ ورژن ہے۔ اینڈرائیڈ کے استعمال سے صارفین کو فائر او ایس ایپ سٹور تک محدود نہیں رہنا پڑے گا۔
‘ایمازون’ کے ڈیوائسز کے سربراہ پینوس پانے کے تحت یہ حکمت عملی کمپنی کی سستے ڈیوائسز سے اعلیٰ قیمت والی مصنوعات کی جانب منتقلی کو ظاہر کرتی ہے۔ پہلے ’ایمازون‘ کم قیمت ٹیبلٹس کے ذریعے صارفین کو پرائم ویڈیو، کنڈل، میوزک اور اپنی ای کامرس سروسز سے جوڑنے پر توجہ دیتا تھا، تاہم ان ڈیوائسز میں سکرین کے معیار اور بیٹری ٹائمنگ کے حوالے سے ایپل اور سام سنگ کے مقابلے میں سمجھوتے کیے جاتے تھے۔
نئے ٹیبلٹس میں اے آئی سے لیس ’الیکسا پلس‘ نمایاں فیچر ہے، جو صارفین کے سوالات کے جوابات دینے کے ساتھ مختلف کام بھی انجام دے سکے گا۔ الیکسا پلس کے استعمال کے لیے پرائم ممبرشپ یا الگ سبسکرپشن درکار ہوگی۔


نئے ٹیبلٹس میں اے آئی سے لیس ’الیکسا پلس‘ نمایاں فیچر ہے (فائل فوٹو: ایمازون)

’آئی ڈی سی‘ کے مطابق رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں دنیا بھر میں ٹیبلٹس کی فروخت 12 فیصد کم ہو کر تین کروڑ 36 لاکھ یونٹس رہ گئی۔ امریکہ میں اسی عرصے کے دوران فروخت میں سالانہ بنیاد پر 32 فیصد کمی ہوئی۔ عالمی ٹیبلٹ مارکیٹ میں ’ایمازون‘ کا حصہ 1.9 فیصد رہ گیا، جو ایک سال قبل آٹھ فیصد تھا، جبکہ ایپل 34 فیصد حصے کے ساتھ پہلے اور سام سنگ 17.5 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
نئے ٹیبلٹس کی قیمت میں لاک سکرین پر دکھائے جانے والے اشتہارات ختم کرنے کی فیس شامل نہیں۔ اس کے لیے صارف کو مزید 20 ڈالر کی یکمشت فیس دینا ہوگی، جو فائر او ایس ٹیبلٹس کی 15 ڈالر فیس سے زیادہ ہے۔ البتہ سب سے مہنگے الیکسا ٹیبلٹ میں اشتہارات نہیں ہوں گے۔
’ایمازون‘ کا کہنا ہے کہ فائر او ایس پر چلنے والے پرانے ٹیبلٹس بدستور کام کرتے رہیں گے، تاہم کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ فائر او ایس اور اس کے ایپ سٹور کی دیکھ بھال مستقبل میں جاری رکھے گی یا نہیں۔

شیئر: