Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ کی فاتح سپین کی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، میڈرڈ میں شاندار استقبال کی تیاریاں

سپینش ٹیم کے ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے سب سے پہلے طیارے سے باہر آئے (فوٹو: اے ایف پی)
فیفا فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کی فاتح سپینش ٹیم کو لے جانے والا خصوصی طیارہ پیر کو سپین کے دارالحکومت میڈرڈ پہنچ گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق سپین نے اتوار کو امریکہ میں کھیلے گئے فائنل میں ارجنٹائن کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
سپین کی ایئرلائن آئیبیریا کا طیارہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بج کر 30 منٹ پر میڈرڈ باراخاس ایئرپورٹ پر اُترا۔
اس موقے پر طیارے کے کاک پٹ کی کھڑکی سے ہسپانوی پرچم لہرایا جا رہا تھا، جبکہ موسم صاف اور آسمان نیلا تھا۔
سپینش ٹیم کے ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے سب سے پہلے طیارے سے باہر آئے، ان کے بعد ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے روڈری نے ورلڈ کپ ٹرافی ہاتھ میں اٹھائے طیارے کی سیڑھیوں پر آکر شائقین اور میڈیا کی توجہ حاصل کی۔
ہسپانوی ٹیم میڈرڈ پہنچنے کے بعد پہلے سپین کے بادشاہ فیلیپ ششم سے زرزویلا محل میں ملاقات کرے گی، جس کے بعد وزیراعظم پیڈرو سانچیز کی دعوت پر مونکلوآ پیلس میں ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب میں شرکت کرے گی۔
بعد ازاں کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے لیے میڈرڈ کے مرکزی علاقوں کھلی چھت والی بس پر وکٹری پریڈ اہتمام کیا گیا ہے، جو شہر کے تاریخی سیبیلس سکوائر پر اختتام پذیر ہوگی، جہاں ایک خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی۔
حکام کے مطابق ہسپانوی ٹیم کی تاریخی کامیابی کا جشن منانے اور کھلاڑیوں کا استقبال کرنے کے لیے تقریباً 10 لاکھ افراد کے میڈرڈ کی سڑکوں پر جمع ہونے کی توقع ہے۔

شیئر: