Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی: فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ جنرل عامر رضا کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کے روز لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ مقرر کیا تھا (فائل فوٹو: پی ایم آفس)
پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ جنرل عامر رضا نے پیر کو جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل عامر رضا کو کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی اور اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔‘
اس سے قبل جنرل سید عامر رضا نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے جمعے کو چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کے ساتھ کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ مقرر کیا گیا تھا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ’وزیراعظم نے پاک فوج کے چیف آف جنرل سٹاف، لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، ستارہ بسالت کو ’فور سٹار جنرل‘ کے عہدے پر ترقی دینے اور انہیں ’کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ‘ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔‘
نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کے کمانڈر کا یہ نیا عہدہ گذشتہ برس منظور کی جانے والی 27 ویں آئینی ترمیم کے تحت تخلیق کیا گیا تھا جس کے ذریعے ملک کی عسکری قیادت کی اعلیٰ ترین سطح پر بڑی تبدیلیاں کی گئی تھیں۔
ان آئینی اصلاحات کے تحت جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین کا عہدہ ختم کر دیا گیا جبکہ چیف آف آرمی سٹاف کو ’چیف آف ڈیفنس فورسز‘ کا نام دے کر تمام مسلح افواج کی مجموعی کمان ان کے سپرد کر دی گئی۔
اسی قانون سازی کے تحت نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کے سربراہ کا نیا عہدہ بھی وجود میں آیا۔

جنرل سید عامر رضا نے راولپنڈی میں شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی (فوٹو: آئی ایس پی آر)

جنرل عامر رضا کون ہیں؟
جنرل عامر رضا اس ترقی اور نئی تعنیاتی سے قبل فوج کے چیف آف جنرل سٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
اس سے قبل وہ کور کمانڈر لاہور اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا دفاعی کمپلیکس کے سربراہ کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
آئین کے تحت نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کے کمانڈر کی تعنیاتی چیف آف ڈیفنس فورسز کی سفارش پر وزیراعظم کی جانب سے پاک فوج کے حاضر سروس جنرلز میں سے کی جائے گی اور اس عہدے کی مدت تین سال ہو گی۔
پاکستان دنیا کی ان نو ریاستوں میں شامل ہے جو ایٹمی صلاحیت رکھتی ہیں۔
ملک کی ایٹمی پالیسی کا تعین ’نیشنل کمانڈ اتھارٹی‘ کرتی ہے جو سٹریٹجک فیصلے کرنے والا اعلیٰ ترین شہری و عسکری ادارہ ہے جبکہ نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کا قیام آئینی اصلاحات کے تحت ملک کی سٹریٹجک افواج کی عسکری نگرانی کے نظام کو ازسرِ نو منظم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

شیئر: