سید محمد احمد تنازع: عطا اللہ تارڑ کی نوجوان فنکاروں کے لیے مینٹورشپ پروگرام کی تجویز
سید محمد احمد تنازع: عطا اللہ تارڑ کی نوجوان فنکاروں کے لیے مینٹورشپ پروگرام کی تجویز
جمعرات 30 جولائی 2026 10:26
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
اداکار فہد شیخ نے موقف اختیار کیا تھا کہ مذاق سید محمد احمد نے شروع کیا تھا، جبکہ وہ ان سے بعد میں معافی بھی مانگ چکے ہیں۔ (فوٹو: انسٹاگرام، فہد شیخ)
پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے سینئر اداکار سید محمد احمد کے ساتھ ڈرامے کے سیٹ پر پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان فنکاروں کی رہنمائی کے لیے سینئر اداکاروں پر مشتمل مینٹورشپ پروگرام یا کونسل قائم کرنے کی تجویز دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ’ڈرامہ سیریل کے سیٹ پر سینئر ٹی وی آرٹسٹ محمد احمد صاحب کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ نہ صرف قابلِ مذمت بلکہ انتہائی افسوسناک بھی ہے۔‘
عطا تارڑ نے کہا ’میں اس مسئلے کے حل کے طور پر نوجوان ٹی وی فنکاروں کے لیے سینئر اداکاروں، خصوصاً احمد صاحب جیسے فنکاروں کی سربراہی میں ایک مینٹورشپ پروگرام یا اسی طرز کی کونسل قائم کرنے کی تجویز پیش کرنا چاہتا ہوں۔ اس سلسلے میں تجاویز حاصل کرنے کے لیے جلد ٹی وی فنکاروں کا ایک اجلاس بھی بلاؤں گا۔‘
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سید محمد احمد نے ایک پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ان سے تقریباً 40 سال چھوٹے ایک جونیئر اداکار نے بار بار ان کا مذاق اڑایا اور پورے یونٹ کے سامنے ان کی تضحیک کی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ اداکار نے ان کی اداکاری اور ہیئر سٹائل پر بھی طنز کیا، یہاں تک کہ ایک موقع پر ان کے سر پر پورٹیبل ہیئر ڈرائر چلاتے ہوئے مذاق بنایا، تاہم انہوں نے ماحول خراب ہونے سے بچانے کے لیے خاموش رہنے کو ترجیح دی۔
سید محمد احمد کے انکشاف کے بعد شوبز انڈسٹری کی متعدد شخصیات ان کی حمایت میں سامنے آئیں۔ شمون عباسی نے ذمہ دار اداکار سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا، فیصل قریشی نے اداکار کا نام سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا، 'سر، نام بتا دیں، پھر معاملہ میرے اور اس کے درمیان ہوگا،' جبکہ سید جبران نے بھی اس واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداکار پر عوامی معافی کا مطالبہ کیا۔
بعد ازاں سوشل میڈیا پر شوٹنگ کے دوران بنائی گئی ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں اداکار فہد شیخ سید محمد احمد کے ساتھ ہیئر ڈرائر کے ذریعے مذاق کرتے دکھائی دیے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے فہد شیخ کو ہی وہ اداکار قرار دینا شروع کر دیا جس کا ذکر سید محمد احمد نے اپنے پوڈکاسٹ میں کیا تھا۔
اس کے بعد فہد شیخ نے انسٹاگرام سٹوریز کے ذریعے اپنی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ آدھی ادھوری کہانیاں ہمیشہ خطرناک ہوتی ہیں' کیونکہ ان کی بنیاد پر ایک مخصوص تاثر قائم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس واقعے کو بدتمیزی یا ہراساں کرنے کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، حقیقت میں معاملہ ایسا نہیں تھا بلکہ ڈرامے کے سیٹ پر تمام فنکار ایک خاندان کی طرح ہنسی مذاق کرتے تھے۔
فہد شیخ نے دعویٰ کیا کہ یہ سید محمد احمد کے ساتھ ان کا پہلا منصوبہ نہیں تھا بلکہ وہ ماضی میں بھی کئی ڈراموں میں ان کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور دونوں کے درمیان دوستانہ تعلقات تھے۔ ان کے مطابق کسی کی بھی نیت سید محمد احمد کی تضحیک کرنا نہیں تھی۔
اداکار نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ 11 برس سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں، متعدد سینئر فنکاروں کے ساتھ کام کر چکے ہیں، ان سے بہت کچھ سیکھا ہے اور ہمیشہ ان کا احترام کیا ہے۔
فہد شیخ کے مطابق وہ سوشل میڈیا پر معاملہ سامنے آنے سے پہلے ہی سید محمد احمد سے ذاتی طور پر معذرت کر چکے تھے، تاہم اگر ان کی ذاتی معافی کافی نہیں تھی تو وہ عوامی سطح پر بھی معذرت کرتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ وہ کبھی بھی اپنے کسی سینئر کی بے عزتی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔
اپنی وضاحت کے اختتام پر فہد شیخ نے یہ بھی اعلان کیا کہ سیاق و سباق سے ہٹ کر ویڈیو پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔