کیا کرکٹر عماد وسیم کی سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق نے بھی دوسری شادی کر لی؟
ثانیہ اشفاق اور عماد وسیم کی گزشتہ برس علیحدگی ہو گئی تھی (فوٹو: انسٹاگرام، ثانیہ اشفاق)
پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سابق اہلیہ اور سوشل میڈیا انفلوئینسر ثانیہ اشفاق نے شادی کے جوڑے میں ویڈیو شیئر کی ہے جس کے بعد ان کی دوسری شادی کی قیاس آرائی شروع ہو گئی ہے۔
ثانیہ اشفاق نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ سرخ رنگ کے روایتی عروسی لباس اور کندن کے زیورات میں ملبوس نظر آئیں۔
ویڈیو میں بظاہر وہ ڈب کی گئی آواز میں ایک شخص سے پوچھتی ہیں، ’میں کیسی لگ رہی ہوں؟‘ جس پر جواب آتا ہے، ’میری دلہن۔‘
انہوں نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’الحمدلله زندگی کے نئے باب کا آغاز۔‘
تاہم ثانیہ کی جانب سے اس پر کوئی وضاحت نہیں کی گئی کہ آیا انہوں نے واقعی دوسری شادی کر لی ہے یا نہیں۔
اس پوسٹ کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے بھی ان کی شادی کی قیاس آرائی شروع کر دی اور انہیں مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی علیحدگی منظرِ عام پر آئی تھی جس کے بعد دونوں کے درمیان تنازع بھی خبروں کی زینت بنا رہا۔
بعد ازاں عماد وسیم نے سوشل میڈیا انفلوئینسر نائلہ راجہ سے دوسری شادی کا اعلان کیا، جس کے بعد ثانیہ اشفاق نے سوشل میڈیا پر متعدد الزامات عائد کیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں بے وفائی، حمل کے دوران مشکلات اور دیگر معاملات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب عماد وسیم نے اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا تھا اور ثانیہ اشفاق کو قانونی نوٹس بھی بھجوایا تھا۔ ان کی قانونی ٹیم کا مؤقف تھا کہ اگر کسی کے پاس ان کے مؤقف کے برعکس شواہد موجود ہیں تو وہ عدالت میں پیش کیے جائیں۔
اب ثانیہ اشفاق کی جانب سے دوسری شادی کا اعلان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اسے ان کی زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز قرار دے رہے ہیں جبکہ ان کی شادی کی ویڈیو بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔