Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز: کون حصہ لے سکتا ہے اور فاتحین کا انتخاب کیسے ہوگا؟

منتظمین کے مطابق یہ پاکستان کا پہلا ڈیٹا پر مبنی انفلوئنسر ایوارڈ پلیٹ فارم ہے۔(فوٹو:انسٹاگرام)
پاکستان میں پہلی بار ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹرز، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور آن لائن کمیونٹیز کی خدمات کو سراہنے کے لیے ’پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز‘ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
منتظمین کے مطابق یہ پاکستان کا پہلا ڈیٹا پر مبنی انفلوئنسر ایوارڈ پلیٹ فارم ہے، جسے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اداروں اور ماہرین کی حمایت حاصل ہے۔
آفیشل ویب سائٹ کے مطابق پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز کا مقصد ایسے ڈیجیٹل تخلیق کاروں کو سراہنا ہے جو معلوماتی، تعلیمی، تفریحی اور بامقصد مواد کے ذریعے لوگوں سے مؤثر رابطہ قائم کرتے ہیں اور آن لائن کمیونٹیز کی تشکیل میں کردار ادا کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں میڈیا، مارکیٹنگ، اشتہارات، برانڈز اور ڈیجیٹل انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ 

تقریب میں پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ’کریئیٹر اکانومی‘ پر بھی گفتگو کی گئی، جسے ڈیجیٹل معیشت کا اہم حصہ قرار دیا گیا۔

پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز کے چیف کیوریٹر ’طلحہ اسلم‘ کے مطابق اس پلیٹ فارم کا مقصد صرف کریئیٹرز کو ایوارڈ دینا نہیں بلکہ کریئیٹر اکانومی کے لیے ایسے معیارات قائم کرنا ہے جن پر تخلیق کار، برانڈز اور عوام اعتماد کر سکیں۔ 

ان کے بقول یہ پلیٹ فارم شفافیت، ذمہ دارانہ اثرورسوخ اور معیاری ڈیجیٹل مواد کو فروغ دے کر پاکستان کے کریئیٹرز کو عالمی معیار کے قریب لانے کی کوشش کرے گا۔

پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز کیا ہیں؟

پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز ایک قومی سطح کا ایوارڈ پروگرام ہے، جس کے تحت یوٹیوب، ٹک ٹاک، انسٹاگرام، فیس بک، لنکڈ اِن، پوڈکاسٹس، بلاگز اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر سرگرم کریئیٹرز کو مختلف کیٹیگریز میں اعزاز دیا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق ایوارڈز میں کامیابی کا فیصلہ صرف فالوورز، ویوز یا لائکس کی تعداد پر نہیں ہوگا بلکہ مواد کے معیار، حقیقی اثر، ساکھ، ناظرین کی بامعنی شمولیت، تخلیقی صلاحیت، تسلسل اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل کردار کو بھی جانچا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے تحقیق اور ڈیٹا پر مبنی شفاف جانچ کا نظام تیار کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں اِپسوس پاکستان (Ipsos Pakistan) نے ایوارڈز کے ریسرچ، آڈٹ اور شفافیت کے فریم ورک پر بریفنگ دی، جبکہ منتظمین نے بتایا کہ انتخابی عمل میں ڈیٹا، تحقیق اور واضح معیار کو بنیادی اہمیت دی جائے گی۔

نامزدگی کیسے ہوگی؟

آفیشل ویب سائٹ کے مطابق عوام مختلف کیٹیگریز میں اپنے پسندیدہ کریئیٹرز کو نامزد کر سکیں گے۔ اس کے بعد شارٹ لسٹنگ اور جانچ کے مختلف مراحل مکمل کیے جائیں گے، جن کے بعد کامیاب امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔

کریئیٹر اکانومی کیوں اہم ہے؟

حالیہ برسوں میں پاکستان میں یوٹیوب، ٹک ٹاک، انسٹاگرام اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے ہزاروں نوجوانوں کے لیے روزگار، کاروبار اور ذاتی برانڈ بنانے کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ 

اسی وجہ سے برینڈز بھی روایتی اشتہارات کے ساتھ انفلوئنسر مارکیٹنگ پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔

منتظمین کے مطابق پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز اسی بدلتے ہوئے ڈیجیٹل منظرنامے کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کا مقصد ایسے تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو مثبت گفتگو کو فروغ دیتے، معلومات فراہم کرتے، کمیونٹیز تشکیل دیتے اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل مواد کے ذریعے پاکستان کی کریئیٹر اکانومی کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

شیئر: