عمران خان سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں منتقل
عمران خان سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں منتقل
جمعرات 20 اگست 2026 23:18
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک کے انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو سپریم کورٹ کے حکم پر جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات اڈیالہ جیل راولپنڈی سے اسلام آباد کے نجی شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب عمران خان کو سخت سکیورٹی میں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں واقع شفا انٹرنیشنل ہسپتال لایا گیا۔
عمران خان کی اڈیالہ جیل سے شفا ہسپتال منتقلی کے دوران راستوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور اڈیالہ جیل سے لے کر اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں واقع ہسپتال تک سکیورٹی رُوٹ لگایا گیا تھا۔
ہسپتال کے اطراف اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی، جہاں گاڑیوں کے ساتھ ساتھ غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر بھی مکمل پابندی ہے۔
علاوہ ازیں ہسپتال کے باہر بھی اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جبکہ باہر بکتر بند گاڑیاں اور قیدیوں کی وین بھی موجود تھی۔
’ڈاکٹروں کی 6 رکنی ٹیم عمران خان کا طبی معائنہ کرے گا‘
شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقلی پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ابتدائی طبی معائنہ ڈاکٹروں کی 6 رُکنی ٹیم نے کیا، جس کے بعد اُن کی طبی رپورٹس کا جائزہ لے کر انہیں ہسپتال میں زیرِ علاج رکھنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے باہر بھی اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی (فوٹو: اے ایف پی)
خیال رہے کہ منگل کو سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو علاج کی غرض سے 48 گھنٹے میں شفاء ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
عدالت کی جانب سے انتظامیہ کو ہدایت کی گئی تھی کہ ہسپتال منتقلی کے دوران سخت سکیورٹی کے تمام اقدامات کیے جائیں تاکہ امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔
عدالت نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’بانی پی ٹی آئی کے علاج اور ان کی طبی حالت پر کسی صورت سیاست نہیں ہونی چاہیے۔‘
عدالتی کارروائی کے دوران پاکستان تحریکِ انصاف نے یقین دہانی کرائی تھی کہ عمران خان کی شفاء ہسپتال منتقلی اور ان سے ملاقاتوں کے وقت ہسپتال کے اطراف کوئی سیاسی سرگرمی نہیں ہو گی۔