چند مفید مشورے جن پر عمل کر کے آپ اپنے سفر کو خوش گوار بنا سکتے ہیں
چند مفید مشورے جن پر عمل کر کے آپ اپنے سفر کو خوش گوار بنا سکتے ہیں
بدھ 26 اگست 2026 6:18
ماہرین کہتے ہیں کہ ’کروز شپ میں سفر بھی سیاحوں کے لیے ایک اچھا اور نسبتاً سستا آپشن ہو سکتا ہے‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
اگر آپ موسمِ گرما کے باقی دنوں میں سفر کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تو آپ مندرجہ ذیل مشوروں کو ذہن میں رکھیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق سفر کے دوران مشکلات سے بچنے اور رعایت حاصل کرنے کے لیے ماہرین نے چند مفید مشورے دیے ہیں جن پر عمل کر کے آپ اپنے ٹِرپ سے پوری طرح لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ آپ اپنے سفر کی پہلے سے منصوبہ بندی کریں، مناسب کریڈٹ کارڈ استعمال کریں، کم سامان ساتھ لے کر جائیں، دو پروازوں کے درمیان مناسب وقت رکھیں اور صرف آن لائن بُکنگ پر انحصار نہ کریں۔
1) دُرست کریڈٹ کارڈ استعمال کریں
اگر پرواز میں تاخیر یا منسوخی کی صورت میں ایئرلائن سے معاوضہ حاصل کرنا مشکل ہو رہا ہے تو ایسے کریڈٹ کارڈ سے فلائٹ بُک کریں جس میں سفری انشورنس یا ٹِرپ کوریج شامل ہو۔
ماہرین کے مطابق ’اگر ایئرلائن کے سسٹم میں کوئی خرابی پیدا ہو جائے تو بعض اوقات ایئرلائن کے بجائے کریڈٹ کارڈ کمپنی سے معاوضہ حاصل کرنا زیادہ آسان ہوتا ہے۔‘ 2) مختصر سامان کے ساتھ سفر کریں
سفر کرتے ہوئے اپنا سامان کم رکھیں اور ممکن ہو تو صرف ہینڈ کیری بیگ لے کر سفر کریں۔
چیک اِن کیا جانے والا سامان گم ہونے، تاخیر سے پہنچنے، چوری ہونے یا خراب ہونے کا خدشہ بڑھا دیتا ہے۔ زیادہ تر ایئرلائنز میں پہلے چیک اِن بیگ کی فیس قریباً 50 ڈالر جبکہ دوسرے بیگ کی فیس قریباً 60 ڈالر ہوتی ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ ’کم سامان کے ساتھ سفر کرنے سے پرواز دوبارہ بُک کرانا آسان ہوتا ہے اور آپ کو زیادہ پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ اس کے علاوہ سامان گم ہونے یا ایئرپورٹ پر پھنسنے کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے۔‘ 3) کروز کے سفر کو ترجیح دیں
کروز شپ میں سفر بھی سیاحوں کے لیے ایک اچھا اور نسبتاً سستا آپشن ہو سکتا ہے۔
عام کروز کمپنیاں ایک رات کے لیے ایک شخص سے عموماً 100 ڈالر سے بھی کم کرایہ طلب کرتی ہیں، جو کہ انتہائی مناسب ہے۔ اس کے مقابلے میں کسی ہوٹل میں ٹھہرنے، رات کا کھانا کھانے اور تفریحی شو دیکھنے وغیرہ پر اس سے کہیں زیادہ رقم خرچ ہو سکتی ہے۔
دو پروازوں کے درمیان مناسب وقت رکھیں اور صرف آن لائن بُکنگ پر انحصار نہ کریں (فائل فوٹو: روئٹرز)
اس کے علاوہ کروز کے سفر میں آپ کو صرف ایک بار اپنا سامان کھولنا پڑتا ہے اور یہ آپ کو ایک شہر سے دوسرے شہر یا ایک جزیرے سے دوسرے جزیرے تک پہنچا دیتا ہے۔
آپ کو ایک جگہ سے دوسری جگہ تک پہنچنے کے لیے کسی ٹیکسی یا پبلک ٹرانسپورٹ کی بھی ضرورت نہیں پڑتی، اور نہ ہی آپ اپنا بھاری سُوٹ کیس گھسیٹنا پڑتا ہے۔ 4) آن لائن بُکنگ کرتے وقت محتاط رہیں
زیادہ تر سیاح ٹکٹ آن لائن بُک کرتے ہیں، لیکن اس دوران کچھ عام غلطیاں بھی ہو سکتی ہیں۔
پہلی غلطی یہ ہے کہ کمپیوٹر سسٹم بعض اوقات آپ کو ایسی فلائٹ دکھاتا ہے جس میں دو پروازوں کے درمیان 30 منٹ سے کچھ زیادہ وقت ہوتا ہے۔
کمپیوٹر یہ فرض کر لیتا ہے کہ سب کچھ وقت پر ہوگا، لیکن حقیقت میں پرواز میں تاخیر یا ہوائی اڈے پر اس سے زیادہ وقت بھی لگ سکتا ہے۔
اس حوالے سے ماہرین کہتے ہیں کہ ’اتنا کم وقت رکھنا آپ کے لیے مصیبت کا باعث بن سکتا ہے اور آپ کی پرواز مِس ہو سکتی ہے۔‘
’بعض اوقات بہتر آپشنز جاننے کے لیے ٹریول ایجنٹ یا براہِ راست ایئرلائن کے دفتر سے بات کرنا زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے، کیونکہ اُن کے کمپیوٹر سسٹم پر ایسی پروازیں یا آپشنز موجود ہو سکتے ہیں جو آپ کو آن لائن نظر نہیں آرہے ہوتے۔‘