ماحولیاتی تحفظ میں پیشرفت، سعودی عرب کے 26 پارکس عالمی محفوظ علاقوں کے ڈیٹا بیس میں شامل
جمعرات 10 ستمبر 2026 6:50
قومی پارکس پانچ ہزار مربع کلو میٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن کور ڈیویلپمنٹ اینڈ کومبیٹنگ ڈیزرٹیفیکیشن کے مطابق سعودی عرب نے ’نیشنل رجسٹر آف پروٹیکٹڈ ایریاز‘ میں 26 نیشنل پارکس کو شامل کر لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ورلڈ ڈیٹا بیس آن پروٹیکٹڈ ایریاز میں مملکت سے متعلق معلومات کو بھی اپ ڈیٹ کیا گیا ہے تاکہ ایک یونیفائیڈ نیشنل ریفرنس سورس قائم کرنے کے ساتھ تمام محفوظ علاقوں کا انتظام بین الاقوامی معیارات کے مطابق یقینی بنایا جا سکے۔
سینٹر نے ایکس اکاؤنٹ پر بیان میں کہا کہ ورلڈ ڈیٹا بیس آن پروٹیکٹڈ ایریاز میں سعودی عرب کے نیشنل پارکس کی شمولیت مملکت کے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور بہترین بین الاقوامی طریقوں کے مطابق قدرتی اثاثوں کو دستاویزی شکل دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ اقدام نیشنل انوائرمنٹ سٹریٹیجی اور سعودی گرین انیشیٹیو کے اہداف کے عین مطابق ہے جس کا ہدف 2030 تک مملکت کے 30 فیصد زمینی اور سمندری علاقوں کا تحفظ کرنا ہے۔
یہ پارکس جو پانچ ہزار مربع کلومیٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں، محفوظ علاقوں کے لیے بین الاقوامی معیار کی تصدیق کے بعد رجسٹر میں شامل کیے گئے۔
سینٹر کے نیشنل پارکس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل لمیا بنت ابراہیم آل شیخ نے کہا کہ یہ رجسٹریشن ماحولیاتی اداروں کے درمیان تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے معیارِ زندگی بہتر ہوگا، قومی پارکس سیاحوں کے لیے مزید پرکشش بنیں گے، ماحولیاتی پائیداری کے مواقع وسیع ہوں گے اور بین الاقوامی معیارات کی پاسداری بھی مزید مضبوط ہوگی۔

یاد رہے نیشنل سینٹر فارویجیٹیشن ڈیویلپمنٹ اینڈ کامبیٹنگ ڈیزرٹیفیکیشن نے حال ہی میں مملکت کے تین نیشنل پارکوں کی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کے طویل مدتی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
سینٹر نے 25 سال تک کے ترقیاتی معاہدے کیے ہیں جس سے سعودی عرب میں ماحولیاتی سیاحت اور ماحول کے تحفظ میں تقریباً دو گنا اضافہ ہوا ہے۔
