پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ، پیٹرول 400 روپے کے قریب
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کو حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں مزید اضافہ کیا۔
بدھ کی رات اوگرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق ’پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 5 روپے 88 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 62 پیسے کا مزید اضافہ کیا گیا ہے۔‘
’اس اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 391 روپے 22 پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ 384 روپے 34 پیسے کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا۔‘‘
اوگرا نوٹیفیکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 62 پیسے اضافے کے بعد اس کی نئی قیمت 421 روپے 45 پیسے ہو گئی ہے۔‘
واضح رہے کہ منگل کو ہائی سپیڈ ڈیزل فی لیٹر 415 روپے 82 پیسے کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا۔
اوگرا حکام کے مطابق ’پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات 12 بجے سے ہوگیا ہے اور یہ قیمتیں جمعرات 17 ستمبر کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔‘
اوگرا کے حکام نے بتایا کہ ’اعلان کردہ اضافہ بنیادی طور پر عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے منسلک ہے۔‘
’عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کا براہِ راست اثر ملکی قیمتوں پر بھی پڑتا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی پلیٹس ریٹس، پریمیئم اور دیگر متعلقہ عوامل کے باعث کی گئی ہے۔‘
