Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب سلمان خان نے 19 سالہ دیا مرزا سے کہا کہ ایک دن وہ ان کی ماں کا کردار ادا کریں گی

حال ہی میں سلمان خان نے فلم ’سکندر‘ میں رشمیکا مندانا کے مقابل مرکزی کردار ادا کیا۔ (فوٹو: انسٹاگرام)
اداکارہ دیا مرزا نے حال ہی میں اپنے بالی ووڈ کیریئر کے ابتدائی دنوں کی ایک دلچسپ یاد شیئر کی، جس میں انہوں نے فلم ’تم کو نہ بھول پائیں گے‘ کے سیٹ پر سلمان خان کے ساتھ ہونے والی ایک گفتگو کا ذکر کیا۔
فلم ساز اور کوریوگرافر فرح خان کے یوٹیوب چینل پر گفتگو کے دوران دیا مرزا نے یہ واقعہ سنایا۔
گفتگو کے دوران فرح خان نے تجویز دی کہ دیا مرزا کو دوبارہ سلمان خان کے ساتھ کسی فلم میں کام کرنا چاہیے۔ اس پر دیا مرزا نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ سلمان خان اب ان سے کہیں کم عمر اداکاراؤں کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ اسی بات سے انہیں دو دہائیاں پرانی ایک یاد تازہ ہو گئی۔

سلمان خان کی پیش گوئی جس نے دیا مرزا کو حیران کر دیا

دیا مرزا نے بتایا کہ 2002 میں ’تم کو نہ بھول پائیں گے‘ کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان نے ان سے ایک حیران کن بات کہی تھی۔
انہوں نے یاد کرتے ہوئے کہا ’میری پہلی فلم کے دوران ہی سلمان نے مجھ سے کہا تھا، دیکھنا، ایک دن تم میری ماں کا کردار ادا کرو گی۔‘
دیا مرزا نے اعتراف کیا کہ اس وقت وہ یہ بات سن کر دنگ رہ گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میں صرف 19 سال کی تھی۔ میں، راجپال یادو اور سلمان خان ایک شاٹ کے انتظار میں بیٹھے ہوئے تھے۔ فلم میں سلمان کی والدہ کا کردار ادا کرنے والی ایک اداکارہ موجود تھیں، جن کے ہاں حال ہی میں بچہ پیدا ہوا تھا۔‘
دیا مرزا کے مطابق انہوں نے سلمان سے کہا تھا کہ جو اداکارہ ان کی ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں، وہ کافی کم عمر لگتی ہیں۔
دیا مرزا نے بتایا کہ انہوں نے سلمان سے کہا کہ ’وہ آپ کی ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں اور ابھی ان کے ہاں بچہ بھی ہوا ہے، یعنی وہ کافی جوان ہوں گی۔‘

دیا مرزا کے مطابق انہوں نے سلمان سے کہا تھا کہ جو اداکارہ ان کی ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں، وہ کافی کم عمر لگتی ہیں۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)

اس پر سلمان نے جواب دیا کہ ’فکر نہ کرو، تمہارے ساتھ بھی ایسا ہی ہوگا۔‘
دیا کے مطابق اس وقت انہیں سلمان کی بات پر بالکل یقین نہیں آیا تھا، لیکن یہ جملہ ان کے ذہن میں ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو گیا۔
ہدایت کار پنکج پراشر کی فلم ’تم کو نہ بھول پائیں گے‘ 2002 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں سلمان خان، دیا مرزا اورسشمیتا سین   نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

عمر کے فرق پر جاری بحث

دیا مرزا کی اس یاد نے بالی ووڈ میں اداکاروں اور اداکاراؤں کے درمیان عمر کے فرق سے متعلق جاری بحث کو بھی دوبارہ زندہ کر دیا ہے۔ سلمان خان کو اکثر اپنی نسبت بہت کم عمر اداکاراؤں کے ساتھ سکرین پر جوڑی بنانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
حال ہی میں سلمان خان نے فلم ’سکندر‘ میں رشمیکا مندانا کے مقابل مرکزی کردار ادا کیا۔
2025  میں فلم کے ٹریلر لانچ کے موقع پر عمر کے فرق سے متعلق تنقید کا جواب دیتے ہوئے سلمان نے کہا تھا کہ ’ارے جب ہیروئن کو مسئلہ نہیں ہے، ہیروئن کے والد کو مسئلہ نہیں ہے، تو آپ کو کیوں مسئلہ ہے بھائی؟ ان کی شادی ہوگی، بچے ہوں گے، تو ان کے ساتھ بھی کام کریں گے۔‘

شیئر: