Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کپپ ورد کے ووزینیا کو 50 ہزار سے 1.4 کروڑ فالوورز تک پہنچانے والا اصل شخص کون؟

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سپین کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد کیپ ورد کے گول کیپر ووزینیا نہ صرف فٹبال شائقین بلکہ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بھی بن گئے ہیں۔
چند روز پہلے تک دنیا کے بیشتر فٹبال شائقین ووزینیا کے نام سے واقف نہیں تھے، لیکن سپین کے خلاف یادگار کارکردگی نے انہیں راتوں رات عالمی شہرت دلوا دی۔
کیپ ورد کے تجربہ کار گول کیپر ووزینیا، جن کا اصل نام جوسیمار جوزے ایوورا دیاس ہے، نے ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں سپین کے متعدد گولز ناکام بنائے اور اپنی ٹیم کو قیمتی ڈرا دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
 میچ کے بعد ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا اور چند دنوں میں یہ تعداد ہزاروں سے بڑھتے بڑھتے ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی۔
فٹبال شائقین کے لیے سب سے بڑا سوال یہی تھا کہ آخر ایک نسبتاً کم معروف گول کیپر اتنی تیزی سے سوشل میڈیا سٹار کیسے بن گیا؟
سپورٹس مارکیٹنگ سے متعلق مواد بنانے والے اردن راجرز نے اپنی ایک انسٹاگرام ریل میں اس رجحان کی ممکنہ وجہ بیان کی ہے۔ ان کے مطابق یہ صرف ووزینیا کی کارکردگی کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ برازیل کے مقبول سٹریمنگ پلیٹ فارم ’کازے ٹی وی‘ نے بھی اس میں اہم کردار ادا کیا۔
جارڈن راجرز کے مطابق کازے ٹی وی کے یوٹیوب پر کروڑوں سبسکرائبرز ہیں، یہ چینل برازیل میں ورلڈ کپ نشریات دیکھنے کے لیے واحد اور اہم پلیٹ فارمز میں شامل ہے۔ سپین اور کیپ ورد کا میچ اس چینل پر لائیو تھا جہاں 11 ملین لوگ اسے دیکھ رہے تھے۔
 
اسی دوران میزبانوں اور کمنٹیٹرز نے ناظرین کو بار بار ووزینیا کا انسٹاگرام اکاؤنٹ فالو کرنے کی ترغیب دی، جس کے بعد ان کے فالوورز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ شروع ہو گیا۔
راجرز کا کہنا ہے کہ ووزینیا کی کہانی اس بات کی مثال ہے کہ ایک بااثر براڈکاسٹ پلیٹ فارم اور اس کے میزبان کس طرح کسی کھلاڑی کو چند گھنٹوں میں عالمی سوشل میڈیا شخصیت بنا سکتے ہیں۔
تاہم ووزینیا کی مقبولیت کی وجہ صرف ان کے فالوورز نہیں۔ میچ کے بعد دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے اختتام تک دنیا جان جائے گی کہ کیپ ورد کہاں واقع ہے اور یہ ملک کیا نمائندگی کرتا ہے۔
سکائی نیوز کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں ووزینیا نے کہا ’ہم ایک چھوٹا ملک ہیں، لیکن ہمارے دل بہت بڑے ہیں۔ ہم مضبوط لوگ ہیں اور اپنے ملک پر فخر کرتے ہیں۔ ہم دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ اگرچہ ہمارا ملک چھوٹا ہے، لیکن ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘
کیپ ورد، جس کی آبادی تقریباً چھ لاکھ ہے، پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کر رہا ہے۔ فٹبال کے بڑے ممالک کے درمیان اس چھوٹے افریقی ملک کی موجودگی پہلے ہی توجہ حاصل کر رہی تھی، لیکن ووزینیا کی کارکردگی اور اس کے بعد سوشل میڈیا پر ہونے والی غیرمعمولی مقبولیت نے اسے مزید نمایاں کر دیا۔
ووزینیا گزشتہ دنوں اس وقت بھی خبروں میں رہے جب ان کی والدہ آنا کینڈیڈا ایوورا کو ابتدائی طور پر امریکہ کا ویزا نہیں مل سکا تھا۔ 

بعد ازاں امریکی حکام کی مدد سے انہیں ویزا جاری کر دیا گیا اور اب وہ ورلڈ کپ کے دوران اپنے بیٹے کا میچ سٹیڈیم میں دیکھ سکیں گی۔

سپین کے خلاف شاندار کارکردگی، سوشل میڈیا پر غیرمعمولی مقبولیت اور والدہ کے ویزا سے متعلق خبروں نے ووزینیا کو ورلڈ کپ کے ابتدائی دنوں کی نمایاں شخصیات میں شامل کر دیا ہے۔

میچ سے قبل تقریباً 50 ہزار انسٹاگرام فالوورز رکھنے والے کیپ ورد کے گول کیپر کے فالوورز کی تعداد اب تک ایک کروڑ 40 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جو ورلڈ کپ کے دوران سامنے آنے والی غیرمعمولی سوشل میڈیا کہانیوں میں شمار کی جا رہی ہے۔
 

شیئر: