Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جارجینا اور کرسٹیانو رونالڈو نے شادی کے لیے گھر کے ڈرائنگ روم کا انتخاب کیوں کیا؟

جارجینا نے انکشاف کیا کہ دونوں نے ایسا فیصلہ کیوں کیا اور گھر میں شادی کرنا کس طرح غیر معمولی انتخاب تھا۔(فوٹو: ووگ)
فٹ بال سٹار کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز نے تقریباً ایک دہائی تک ساتھ رہنے کے بعد شادی کرلی، تاہم دنیا کے معروف ترین سپورٹس جوڑوں میں شمار ہونے کے باوجود دونوں نے شادی کے لیے کسی پُرتعیش مقام کے بجائے پرتگال کے شہر کاسکائس میں واقع اپنے گھر کے ڈرائنگ روم کا انتخاب کیا۔
شادی کی تقریب میں ان کے بچے بھی موجود تھے، جبکہ جارجینا نے اب انکشاف کیا ہے کہ دونوں نے ایسا فیصلہ کیوں کیا اور ان کے لیے گھر میں شادی کرنا کس طرح ایک خاص اور غیر معمولی انتخاب تھا۔
جارجینا نے فیشن میگزین ’ووگ‘ کو بتایا کہ دونوں ایک ایسی شادی چاہتے تھے جو عام طور پر دنیا کے مشہور سپورٹس جوڑے سے متوقع کسی بڑی اور شاندار تقریب سے مختلف ہو۔
ان کے مطابق وہ مستقبل میں خاندان اور دوستوں کے ساتھ ایک بڑی شادی کی تقریب بھی کرسکتے ہیں۔
جارجینا نے کہا، ’مستقبل میں ہم ایک بڑی شادی کریں گے تاکہ خاندان اور دوستوں کے ساتھ جشن منا سکیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ 11 اگست کو ہونے والی اس نجی تقریب کے حوالے سے ان کا شادی کا تصور بچپن کے خوابوں سے بالکل مختلف تھا۔
جارجینا کے مطابق بچپن میں وہ ’سب سے بڑے محل، سب سے بڑی بگھی، سب سے لمبے عروسی لباس اور ہیروں سے بھرے تاج‘ کا خواب دیکھا کرتی تھیں، لیکن اب ان کی خواہش بدل چکی ہے۔
انہوں نے کہا، ’اب میں کہتی ہوں کہ نہیں، مجھے اپنے ساتھی اور بچوں کے ساتھ گھر میں ایک مختصر اور نجی تقریب چاہیے۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Vogue (@voguemagazine)

جارجینا نے بتایا کہ ان کے گھر میں وہ تمام آسائشیں پہلے ہی موجود ہیں جنہیں عام طور پر کسی شاندار شادی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا، ’محلات، گھر، جزیرے، گھوڑے اور گاڑیاں، یہ سب ہماری روزمرہ زندگی میں ہماری دسترس میں ہیں، لیکن کچھ نجی اور مختصر کرنا ہمارے لیے زیادہ غیر معمولی ہے۔‘
جارجینا کے مطابق شادی کی تقریب کاسکائس میں ان کے گھر کے اسی ڈرائنگ روم میں ہوئی جہاں خاندان عام طور پر وقت گزارتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسی جگہ وہ ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا کھاتے ہیں اور اپنی روزمرہ زندگی گزارتے ہیں، اسی لیے وہ چاہتی تھیں کہ شادی بھی خاندان کی حقیقی زندگی کا حصہ بن جائے۔

جارجینا نے یہ بھی بتایا کہ وہ چاہتی ہیں کہ کئی دہائیوں بعد ان کے بچے اس دن کو کس طرح یاد کریں۔(فوٹو: ووگ)

جارجینا نے ’ووگ‘ کو بتایا، ’ہم نے یہاں اپنے گھر کے ڈرائنگ روم میں شادی کرنے کا انتخاب کیا، جہاں ہم ناشتہ، دوپہر کا کھانا اور رات کا کھانا کھاتے ہیں اور جہاں ہم اپنی زندگی کی حقیقت گزارتے ہیں۔‘
جارجینا نے یہ بھی بتایا کہ وہ چاہتی ہیں کہ کئی دہائیوں بعد ان کے بچے اس دن کو کس طرح یاد کریں۔
انہوں نے کہا، ’30 سال بعد میں چاہتی ہوں کہ بچے سوچیں کہ اس میز پر کچھ بہت خوبصورت ہوا تھا، جہاں ہمارے والدین نے شادی کی قسمیں کھائی تھیں۔‘
رونالڈو نے اس موقع پر اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں کہا کہ شاید 30 سال بعد وہ میز وہاں موجود نہ ہو کیونکہ گھر کی سجاوٹ تبدیل کی جاسکتی ہے۔

جارجینا نے کہا کہ خاندان کی موجودگی نے نجی تقریب کو مزید جذباتی بنا دیا۔(فوٹو: ووگ)

شادی کی نجی تقریب میں ان کے پانچ بچے کرسٹیانو رونالڈو جونیئر، 16 سالہ، جڑواں بچے ایوا ماریا اور میٹیو، نو سالہ، آٹھ سالہ الانا اور چار سالہ بیلا بھی شریک ہوئے۔
جارجینا اور رونالڈو کے بیٹے اینجل، بیلا کے جڑواں بھائی، اپریل 2022 میں پیدائش کے وقت انتقال کرگئے تھے۔ جارجینا اس سانحے کا ذکر اپنی نیٹ فلکس سیریز ’آئی ایم جارجینا‘ میں بھی کرچکی ہیں۔
جارجینا نے کہا کہ خاندان کی موجودگی نے نجی تقریب کو مزید جذباتی بنا دیا۔
ان کے مطابق، ’یہ بالکل ویسا ہی تھا جیسا میں نے تصور کیا تھا، مختصر، محبت سے بھرپور اور ہمارا خاندان اس میں سب سے اہم کردار میں تھا۔ میں اپنے آنسو نہیں روک سکی۔‘

رونالڈو اور جارجینا نے تقریب اپنے گھر تک محدود رکھی اور بعد میں انگوٹھیوں کی تصاویر کے ذریعے شادی کا انکشاف کیا۔(فوٹو: ووگ)

خاندان کو مرکز میں رکھنے کے فیصلے کی وجہ سے ہی دونوں کی شادی ان افواہوں سے بالکل مختلف رہی جو تقریب سے قبل سامنے آ رہی تھیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شادی مادیرا کے شہر فنشل کے کیتھیڈرل میں ہوگی، جس کے بعد سیکڑوں افراد وہاں جمع ہوگئے تھے، تاہم یہ توقعات غلط ثابت ہوئیں۔
رونالڈو اور جارجینا نے اصل تقریب کاسکائس میں اپنے گھر تک محدود رکھی اور بعد میں اپنی شادی کی انگوٹھیوں کی تصاویر کے ذریعے شادی کا انکشاف کیا۔
جارجینا نے واضح کیا کہ گھر کے ڈرائنگ روم میں ہونے والی یہ تقریب ان کی شادی کی آخری تقریب نہیں، بلکہ مستقبل میں خاندان اور دوستوں کے ساتھ بڑی تقریب بھی منعقد کی جاسکتی ہے۔

رونالڈو اور جارجینا کی ملاقات میڈرڈ کے ایک ’گوچی‘ اسٹور میں ہوئی تھی، جہاں جارجینا کام کرتی تھیں۔(فوٹو: ووگ)

تقریباً ایک دہائی پر محیط تعلق کے بعد دونوں نے اس مرحلے پر اپنی شادی کو کسی بڑے عوامی جشن کے بجائے ایسا لمحہ بنانے کو ترجیح دی جو بنیادی طور پر ان دونوں اور ان کے بچوں کا ہو۔
رونالڈو اور جارجینا کی ملاقات میڈرڈ کے ایک ’گوچی‘ اسٹور میں ہوئی تھی، جہاں جارجینا کام کرتی تھیں۔ اس کے بعد دونوں کا تعلق وقت کے ساتھ ایک خاندان میں تبدیل ہوا، جس کی زندگی پرتگال، اسپین اور سعودی عرب سے جڑی رہی ہے۔
اب شادی کے موقع پر بھی دونوں نے کسی شاندار تقریب یا بڑے مظاہرے کے بجائے اسی جگہ کا انتخاب کیا جہاں ان کے بچے کھانا کھاتے ہیں، جہاں خاندان عام دن گزارتا ہے اور جہاں، جارجینا کے الفاظ میں، وہ ’اپنی زندگی کی حقیقت گزارتے ہیں۔‘
 

شیئر: