انٹرنیشنل کلچرل فیسٹیول میں سعودی پویلین توجہ کا مرکز
سعودی پویلین کو سیاحوں اور دنیا بھر کے یونیورسٹی سٹوڈنٹس کے لیے پرکشش سمجھا جا رہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
اسلامک یونیورسٹی آف مدینہ کے زیراہتمام انٹرنیشنل کلچرل فیسٹیول کے 14ویں ایڈیشن میں سعودی پویلین نے ڈاکومینٹری ڈسپلے کے ذریعے مملکت سعودی عرب کی تاریخ اور اس کی قومی ترقی کو اجاگر کیا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اپنے کئی سیکشنز کے ذریعے یہ پویلین شاندار ثقافت اور تاریخی مواد کو پیش کر رہا ہے جس سے گہری سعودی شناخت کی عکاسی ہوتی ہے۔ اس میں چٹانوں پر نقش و نگار، ورثے کی کلیکشن اور وہ آثار قدیمہ شامل ہیں جو سعودی ریاست کے مختلف مراحل اور مختلف ادوار میں اس کی تہذیب کی ارتقا کو ظاہر کرتے ہیں۔
اس پویلین میں سعودی وژن 2030 کے پروگرام اور اقدامات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے جس سے مستقبل کے لیے مملکت کے اہداف اور عالمی سطح پر پہچان کی کوششیں مضبوط کرنے کی عکاسی ہوتی ہے۔
اس کے علاوہ حرمین شریفین کی جنرل اتھارٹی بھی موجود ہے تاکہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں آنے والے زائرین کی خدمت کے لیے وقف کی گئی کوششوں کو اجاگر کیا جا سکے۔
سعودی پویلین کو سیاحوں اور دنیا بھر کے یونیورسٹی سٹوڈنٹس کے لیے پرکشش سمجھا جا رہا ہے جہاں سے مملکت کے تاریخی ورثے اور تہذیبی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے حوالے سے بھرپور مواد مل رہا ہے جبکہ اس سے کلچرل ایکسچینج اور عوام کے درمیان رابطے کے پل قائم کرنے کے لیے بھی آسانی ہو رہی ہے۔
