Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بے خوابی سے نجات اور بھر پور نیند کیسے؟

خوش قسمتی سے بے خوابی کو دورکرنے کے متعدد طریقے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا
دنیا میں نئے کورونا وائرس نے حیات انسانی کو جس تبدیلی کی جانب موڑ دیا ہے اس میں بیشتر افراد مشکلات کا بھی شکار ہوئے ہیں، بعض کو بے خوابی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ کچھ لوگ ان حالات میں بھر پور نیند سے بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ خاص کر ایسے میں کہ جب زیادہ تر اداروں میں کام کرنے والے گھروں سے اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔
موجودہ حالات میں جب ہر جانب لاک ڈاون  اور امور زندگی جزوی طور پر منجمد ہو گئے ہیں، لوگوں کو اب یہ کہنے کی بھی ضرورت نہیں رہی کہ ’کام کی کثرت کی وجہ سے نیند پوری نہیں ہوسکی‘۔ اب وہ وقت جو گھر سے دفتر جانے میں صرف ہوتا تھا اس کی بچت ہوگئی کیونکہ گھر ہی دفتر اور دفتر بھی گھر ہی ہو کر رہ گیا ہے اور سفر کا دورانیہ بھی ختم ہو گیا ہے۔
خوش قسمتی سے بے خوابی کودورکرنے کےلیے متعدد طریقے ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے نہ صرف آپ اپنے وقت کو بچا سکتے ہیں بلکہ اسے مفید بھی بنا سکتے ہیں جس سے آپ کے روزمرہ کے امور بھی بخوبی پایہ تکیمل تک پہنچ سکیں گے اور آپ اگر بے خوابی کا شکار ہیں تو وہ مشکل بھی حل ہو جائے گی۔

 

مناسب اور پرسکون نیند کس طرح؟
اگر آپ اپنی روزمرہ کی روش میں معمولی سی تبدیلی کرلیتے ہیں تو آپ بآسانی بے خوابی سے نجات حاصل کرتے ہوئے پرسکون نیند سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں جو یقینی طور پر آپ کی جسمانی صحت بلکہ دماغی قوت میں بھی اضافے کا باعث بنے گی جس سے آپ کی تخلیقی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
صحت مند غذا
 ناشتہ کرنا نہ بھولیں کیونکہ ناشتے کا شمار اس اہم غذا میں ہوتا ہے جو آپ کے جسم کو متوازن رکھنے کے لیے بے حد اہم ہے، ناشتہ آپ کے جسم میں دوران خون کو رواں رکھنے میں بے حد معاون ہوتا ہے جس سے آپ کے جسم کو نئی توانائی ملتی ہے۔
مناسب اور صحتمند خوراک کا انتخاب انتہائی اہم ہے جو آپ کے جسم کے ہارمونز کو توانائی بخشنے کا باعث ہوتی ہے، ہارمونز جسمانی اور دماغی خلیات کی نشوونمو میں انتہائ اہم کردار ادا کرتے ہیں، مناسب خوراک کےلیے ٹماٹر، کیوی، جو کا دلیہ، اناناس، موسمی اور بادام وغیرہ شامل ہیں۔
اس بات کا خیال رکھیں کہ بستر پر جانے سے قبل یعنی رات کو فاسٹ فوڈ یا مرچ مصالوں سے بھری خوراک سے اجتناب برتیں علاوہ ازیں رات کے کھانے میں میٹھے سے بھی جہاں تک ہو سکے اجتناب برتیں الغرض ایسی خوراک استعمال نہ کریں جو نشاستہ یا شوگر سے بھری ہوں۔

 ناشتہ آپ کے جسم کو متوازن رکھنے کے لیے بے حد اہم ہے (فوٹو: پیکسل)

گرم پانی کا مسلسل استعمال
اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ کافی، چائے یا قہوہ کا کثرت سے استعمال کریں جن میں کیفین کی مقدار بے حد زیادہ ہوتی ہے جبکہ اس کے علاوہ بے شمار ایسے گرم مشروبات ہیں جنہیں آپ سونے سے قبل استعمال کرسکتے ہیں جن میں گرم دودھ اور لیمن ٹی وغیرہ شامل ہیں۔
شدید بھوک یا بھرے پیٹ کے ساتھ بستر پر نہ جائیں
یہ بات ثابت شدہ ہے کہ اگر آپ کا معدہ غذا سے بھرا ہو گا تو اسے معدہ اسےہضم کرنے میں مصروف ہوگا خاص کر مرغن غذا جسے ہضم کرنے میں معدے کو کافی دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لیے اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ سونے سے قبل ہلکی اور مناسب خوراک کھائی جائے۔
سونے سے کافی دیر قبل کھانا کھالیں تاکہ سوتے وقت کھانا ہضم ہو جائے یہ بھی یاد رکھیں کہ اگر آپ کا معدہ مکمل خالی ہو گا اور آپ کو شدید بھوک کا سامنا ہو گا اس صورت میں بھی نیند آپ سے کافی دور ہوگی اس لیے پرسکون نیند حاصل کرنے کےلیے لازمی ہے کہ معدہ نہ تو مکمل طور پر بھرا ہو اور نہ خالی.
یہ بات اکثر مشاہدے میں آئی ہے کہ آپ اپنے بستر کو جتنا پر آسائش اور آرام دہ بناتے ہیں صبح بیدار ہونے میں آپکو اتنی ہی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
خواب گاہ میں اندھیرا
ہماری جلد میں ایسے حساس خلیات ہیں جو روشنی کو نوٹ کرلینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اس لیے خواب گاہ جتنی پرسکون ہو گی وہاں روشنی ہلکی ہوگی نیند بھی جلدی آئی گی اور پرسکون ہو گی کیونکہ جلد میں موجود حساس سینسرز روشنی کو محسوس کرتے ہی دماغ کو ایسے سگنلز بھیجتے ہیں جن سے وہ جسم کو بیدار رہنے کے احکامات ارسال کرتا ہے اور آپ پرسکون طور پر نہیں سوسکیں گے.

اپنی زندگی کو مناسب طریقے سے گزارنے کے لیے منصوبہ بندی انتہائی اہم ہے

سونے سے قبل گرم باتھ
سونے سے قبل اگر گرم شاور لے لیا جائے تو اس سے آپ کے جسم کا درجہ حرارت معتدل ہو جائے گا جو پرسکون نیند کے لیے کافی معاون ثابت ہوسکتا ہے اس لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے سے کم از کم ایک گھنٹہ قبل گرم باتھ لے لیا جائے.
مناسب لباس
اگر آپ ان دنوں اپنے گھر سے ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں تو اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ سونے سے قبل مناسب کپڑے تبدیل کریں ، سلیپنگ سوٹ کاٹن کا ہونا چاہئے جو پسینے کو چوسنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس سے آپکے جسم کا درجہ حرارت متعدل رہتا ہے اور نیند میں گرمی کا احساس نہیں ہونے دیتا۔
یومیہ معمول
اپنی زندگی کو مناسب طریقے سے گزارنے کے لیے منصوبہ بندی انتہائی اہم ہے تاکہ آپکی صلاحیتیں ابھریں اور آپ بہتر انداز میں کام کرسکیں۔
اس کےلیے اپنے روزمرہ کے معمولات کو مناسب انداز میں تقسیم کریں مثال کے طور پر اگر آپ کے پروگرام میں صبح سات بجے بیدار ہونا ہے تو آپ اپنے وقت پر اٹھیں دوران خون کو رواں کرنے کی معمولی ورزش کریں اور تازہ ہوا میں گہریں سانس لیں۔

روزانہ کی ورزش سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ ایسا کرنے والوں کے جسم صحتمند رہتے ہیں (فوٹو: پیکسل)

ناشتے کے بعد دوپہر کا کھانا کم از کم ساڑھے بارہ بجے کھائیں دن بھر کافی مقدار میں پانی پیئیں تاکہ جسم خشکی کا شکار نہ ہورات کا کھانا شام ساڑھے 6 بجے تک کھالیں اور رات 10 بجے تک بستر میں چلے جائیں کوشش کریں کہ اپنا معمول اسی طرح کا بنائیں.
موبائل فون سے گریز
ماہرین کا کہنا ہے کہ متعدد تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بلو اسکرینز یا اسمارٹ فونز سے نکلنے والی شعائیں نیند پر اثر انداز ہوتی ہیں اس لیے کوشش کریں کہ سونے سے کم از کم ایک گھنٹہ قبل اسمارٹ فونز کو خود سے دور کردیں.
یومیہ ورزش کی عادت
روزانہ کی ورزش سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ ایسا کرنے والوں کے جسم صحتمند رہتے ہیں اورانہیں منفی سوچوں سے بھی نجات مل جاتی ہے اس لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ ناشتے سے کم از کم 30 منٹ قبل جسمانی ورزش کی عادت ڈالنا انسانی صحت کےلیے انتہائی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

شیئر: