چھوٹی کشتیوں پر انگلش چینل کے راستے 700 تارکین برطانیہ پہنچ گئے
چھوٹی کشتیوں پر انگلش چینل کے راستے 700 تارکین برطانیہ پہنچ گئے
پیر 12 اگست 2024 20:41
برطانوی وزارت داخلہ کے جاری کردہ عارضی اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 703 افراد اتوار کو 11 کشتیوں پر پہنچے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
چھوٹی کشتیوں میں سوار 700 سے زیادہ تارکین وطن گذشتہ روز اتوار کو بحراوقیانوس میں واقع انگلش چینل عبور کر کے برطانیہ پہنچ گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ایک ہی دن میں انسانی سمگلروں کے ذریعے برطانیہ میں داخل ہونے والوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
بحراوقیانوس میں شمالی فرانس اور جنوبی انگلینڈ کے بحری راستے انگلش چینل کے ذریعے خطرناک کراسنگ کی کوشش میں دو تارکین کی موت بھی ہوئی ہے۔
قبل ازیں فرانسیسی حکام نے بتایا تھا کہ رواں سال کے آغاز سے اس خطرناک سمندری سفر میں جان سے ہاتھ دھونے والوں کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔
برطانوی وزارت داخلہ کے پیر کے روز جاری کردہ عارضی اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 703 افراد اتوار کو 11 کشتیوں پر پہنچے۔
برطانیہ میں جولائی میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران چھوٹی کشتیوں پر برطانیہ میں غیرقانونی آمد کو روکنا ایک اہم مسئلہ تھا۔
اقتدار سنبھالنے کے چند ہی دنوں کے اندر برطانوی وزیراعظم سٹارمر نے تارکین وطن کو روانڈا بھیجنے کی متنازع سکیم ختم کر دی تھی۔
برطانوی وزیراعظم نے انسان سمگل کرنے والے گروہوں کو ختم کرنے کا وعدہ کیا ہے جو چینل کراسنگ کا انتظام کرتے ہیں اور تارکین وطن سے ہزاروں یورو کا لین دین کرتے ہیں۔
برطانوی وزیراعظم سٹارمر اور فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں نے غیرقانونی تارکین وطن کی تعداد میں اضافے سے نمٹنے کے لیے ’تعاون‘ مضبوط کرنے کا عہد کیا ہے۔
تازہ ترین چینل کراسنگز کو شمار کرتے ہوئے 2024 کے آغاز سے غیرقانونی تارکین کی تعداد 18 ہزار 342 شمار کی گئی ہے جو جو گذشتہ سال کے اسی وقت کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہے۔