بنوں: عسکریت پسندوں کا حملہ، اسسٹنٹ کمشنر جان کی بازی ہار گئے
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان کے قافلے پر عسکریت پسندوں کے حملے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کے مطابق ’دہشت گردوں نے اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور بعدازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔‘
شاہ ولی خان کا تعلق جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا سے تھا اور وہ علاقے میں انتظامی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔
حملے میں ایک شہری اور دو پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوئے جبکہ تین دیگر پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ’خوارج مسلسل ہمسایہ ملک سے آ کر دہشت گردی کر رہے ہیں، اس کو ہم سب نے اکٹھے مل کر روکنا ہے، دہشت گردی کی جنگ میں ہم سب نے اپنا فرض نبھانا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’وزیراعلی خیبر پختونخوا سے سوال ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کی شہادت پر جانا ضروری تھا یا اڈیالہ جیل آنا ضروری تھا۔‘
