فضا علی کے مارننگ شو کی وائرل ویڈیو،’اس کا کوئی منفی مقصد نہیں تھا‘
پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان فضا علی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئیں جب ان کے مارننگ شو کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس میں ان کے شوہر اعجاز خان انہیں لائیو پروگرام کے دوران کندھوں پر اٹھاتے نظر آتے ہیں۔
یہ واقعہ ایک ایسے پروگرام کے دوران پیش آیا جس میں فضا علی نے اپنے شوہر کو مدعو کر رکھا تھا اور دونوں اپنی ذاتی زندگی، ملاقات اور شادی کی کہانی ناظرین کے ساتھ شیئر کر رہے تھے۔
فضا علی کے مطابق ان کی ملاقات برطانیہ میں ہوئی جہاں اعجاز خان مقیم ہیں، اور جلد ہی یہ تعلق شادی میں تبدیل ہو گیا۔
پروگرام کے دوران ایک غیر متوقع لمحہ اس وقت آیا جب فضا علی کی بیٹی نے اپنے سوتیلے والد سے کہا کہ وہ اسی طرح اداکارہ کو اٹھا کر دکھائیں جیسے وہ گھر میں کرتے ہیں۔
اس پر اعجاز خان نے مسکراتے ہوئے فضا علی کو اٹھا لیا، اور یہی منظر بعد ازاں سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گیا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ملا جلا ردِعمل سامنے آیا۔
کچھ صارفین نے اسے ایک نجی اور خوشگوار لمحہ قرار دیا، تاہم متعدد افراد نے اسے لائیو ٹی وی کے تناظر میں نامناسب قرار دیتے ہوئے تنقید کی۔
بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ اس طرح کے مناظر نشر ہونے پر ’پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پمرا) کہاں ہے؟‘ جبکہ دیگر نے اسے ’غیر ضروری توجہ‘ حاصل کرنے کی کوشش بھی قرار دیا۔
دوسری جانب تنقید کے بعد اب فضا علی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی سٹوری میں کہا کہ یہ ایک چھوٹا سا لمحہ تھا جسے سیاق و سباق کے بغیر وائرل کر دیا گیا۔
ان کے مطابق یہ محض ایک ’ہلکا پھلکا اور اچانک ہونے والا اظہار‘ تھا جس کے پیچھے کوئی منفی مقصد نہیں تھا۔

فضا علی نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے کام اور ناظرین کا احترام کرتی آئی ہیں اور آئندہ بھی اسی روایت کو برقرار رکھیں گی۔
تاحال پمرا کی جانب سے اس معاملے پر کسی باضابطہ کارروائی کی تصدیق نہیں ہو سکی۔