Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بجلی کی لوڈشیڈنگ عارضی ہے، عوام سے معذرت کرتے ہیں: اویس لغاری

پاکستان کے وزیرِ بجلی اویس لغاری نے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’گیس اور پن بجلی کی کمی کی وجہ سے شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘
جمعرات کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پن بجلی سے گذشتہ سال کے مقابلے 1530 میگاواٹ کی کمی آئی، پیک آورز میں گیس پلانٹس سے پُوری ہونے والی ضروریات میں خلا آیا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’حالیہ کشیدہ صورتِ حال کے باعث دنیا بھر میں توانائی کا بحران آیا اور بجلی سے متعلق مسائل کا سامنا یکم اپریل کے بعد درآمدی گیس بند ہونے سے شروع ہوا۔‘
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ ’لوڈشیڈنگ عارضی ہے اور جیسے ہی گیس دستیاب ہوگی لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی۔‘
’اپریل کے پہلے 15 دن بجلی کی کم سے کم طلب 10 ہزار میگاواٹ جبکہ بجلی کی زیادہ سے زیادہ طلب 20 ہزار میگاواٹ تک گئی۔‘
وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی کی طلب ساڑھے سولہ ہزار میگاواٹ سے بڑھتی تو گیس کی ضرورت پڑتی۔‘
’گذشتہ ایک سے دو روز میں انڈسٹری کے لیے بھی لوڈشیڈنگ کی گئی جبکہ گزشتہ روز ملک کے طول و عرض میں ایک جیسی لوڈشیڈنگ کی گئی۔‘ 
وزیرِ بجلی مزید بتایا کہ ’گذشتہ سال ڈیموں سے پانی کا اخراج رواں سال سے زیادہ تھا، اگر تربیلا سے پانی کا اخراج زیادہ ہوا تو جنوب کے لیے 500 میگاواٹ بجلی بڑھ جائے گی۔‘
’مارکیٹس 8 بجے بند ہونے سے 1000 سے 1100 میگاواٹ بجلی کی بچت ہو رہی ہے۔
کراچی الیکٹرک اور حیسکو کے علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی۔ کراچی الیکٹرک کو وفاقی سے 2100 میگاواٹ بجلی مل رہی ہے۔‘ 

شیئر: