Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز تین ملکی دورے کے آخری مرحلے میں ترکیہ پہنچ گئے، صدر اردوغان سے ملاقات کریں گے

پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف اپنے تین ملکی دورے کے آخری مرحلے میں جمعرات کو ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچ گئے۔  
انطالیہ پہنچنے کے بعد وزیرِاعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حاقان فیدان نے ملاقات کی۔
وزیر خارجہ حاقان فیدان نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوغان انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقعے پر وزیراعظم سے ملاقات کے منتظر ہیں۔
 وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال اور روایتی مہمان نوازی پر ترکیہ کے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ باعث خوشی ہے کہ میں اپنے دوسرے گھر ترکیہ کے دورے پر ہوں۔‘
اس سے قبل وزیرِاعظم شہباز شریف جمعرات کو ترکیہ پہنچے تو انطالیہ کے گورنر ہلوسی شاہیننے نے ہوائی اڈے پر وزیرِاعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔
اس موقعے پر ترکیہ میں پاکستان کے سفیر یوسف جنید اور اعلٰی سفارتی اہلکار بھی موجود تھے۔ 
وزیراعظم جمعے کو پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم فورم میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے کے لیے ’لیڈرز پینل‘ میں شرکت کریں گے۔ 
اس موقع پر وزیراعظم کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان اور دیگر اہم عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
پاکستان کے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور وزیرِاعظم کے ترجمان برائے بین الاقوامی میڈیا مشرف زیدی بھی پاکستانی وفد میں شامل ہیں۔

شیئر: