Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بہت ہو چکا‘، اسرائیل کو لبنان پر بمباری کرنے سے ’منع‘ کر دیا ہے: امریکی صدر

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’امریکہ حزب اللہ سے ’نمٹنے‘ کے لیے لبنان کے ساتھ مل کر کام کرے گا‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ نے جنگ بندی کے معاہدے کے بعد اسرائیل کو لبنان پر بمباری کرنے سے ’منع‘ کر دیا ہے۔
جمعے کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ امریکہ حزب اللہ سے ’نمٹنے‘ کے لیے لبنان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کے بعد صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ’اسرائیل لبنان پر مزید بمباری نہیں کرے گا۔ انہیں امریکہ کی طرف سے ایسا کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ بہت ہو چکا!!!‘ 
اس سے قبل جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ’اسرائیل اور لبنان 10 روزہ جنگ بندی پر رضامند ہو گئے ہیں۔‘
یہ معاہدہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی لبنانی صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ رابطوں کے بعد طے پایا۔
لینان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کے بعد ایران نے جمعے کو آبنائے ہُرمز کھولنے کا اعلان کیا۔ 
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر ایک بیان میں بتایا تھا کہ ’آبنائے ہرمز تجارتی جہازوں کے لیے مکمل طور پر کھول دی گئی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’آبنائے ہرمز میں جنگ بندی کے دوران پہلے سے طے شدہ راستوں سے جہازوں کی آمدورفت جاری رہے گی اور جنگ بندی کی باقی مدت کے لیے کھلی رہے گی۔‘
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے بیان کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خیرمقدم کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایران نے ابھی اعلان کیا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز کو کھول دیا ہے اور جہازوں کی مکمل آمدورفت کے لیے تیار ہے۔ شکریہ۔

شیئر: