Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپل نے نئی ’سری اے آئی‘ متعارف کرا دی، ڈبلیو ڈبلیو ڈی سی 2026 میں اہم اعلانات

ایپل نے اپنی سالانہ ڈویلپرز کانفرنس ڈبلیو ڈبلیو ڈی سی 2026 میں نئی خصوصیات متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے (فائل فوٹو: ایپل)
ایپل نے اپنی سالانہ ڈویلپرز کانفرنس ڈبلیو ڈبلیو ڈی سی 2026 میں مصنوعی ذہانت، بچوں کے آن لائن تحفظ اور اپنے مختلف آپریٹنگ سسٹمز کے لیے متعدد نئی خصوصیات متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق نئی اپ ڈیٹس کے تحت صارفین کو ایپل انٹیلی جنس کی اگلی نسل، ایک نئی ’سری اے آئی‘، بہتر کارکردگی اور مختلف ڈیوائسز پر زیادہ مربوط تجربہ فراہم کیا جائے گا۔
کانفرنس میں سب سے زیادہ توجہ ایپل کی مصنوعی ذہانت کی حکمت عملی ’ایپل انٹیلی جنس‘ اور نئی ’سری اے آئی‘ نے حاصل کی، جنہیں کمپنی نے اپنے مستقبل کے ڈیجیٹل تجربے کا مرکز قرار دیا ہے۔
ایپل کے سینیئر نائب صدر برائے سوفٹ ویئر انجینیئرنگ کریگ فیڈریگی کے مطابق نئی اپ ڈیٹس کے ذریعے ایپل انٹیلی جنس کو مزید وسعت دی جا رہی ہے جبکہ سری اے آئی کو پہلے سے زیادہ ذہین، معلومات سے آگاہ اور مختلف کام انجام دینے کے قابل بنایا گیا ہے۔
ایپل کے مطابق سری اے آئی آئی فون، آئی پیڈ، میک، ایپل واچ اور ایپل وژن پرو میں شامل ہوگی۔ یہ صارف کے پیغامات، ای میلز، تصاویر اور دیگر مواد میں معلومات تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف ایپس کے درمیان کام بھی انجام دے سکے گی۔
 نئی سری صارف کی سکرین پر موجود مواد کو سمجھنے، اس سے متعلق سوالات کے جواب دینے اور ضرورت پڑنے پر انٹرنیٹ سے تازہ معلومات حاصل کر کے جواب فراہم کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔
کمپنی نے سری اے آئی کے لیے ایک نئی ایپ بھی متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے صارف اپنی سابقہ گفتگو دوبارہ دیکھ سکیں گے جبکہ مختلف ایپل ڈیوائسز کے درمیان گفتگو کی تاریخ آئی کلاؤڈ کے ذریعے ہم آہنگ رہے گی۔

ایپل نے اپنی سالانہ ڈویلپرز کانفرنس ڈبلیو ڈبلیو ڈی سی 2026 میں نئی خصوصیات متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے (فائل فوٹو: ایپل) 

ایپل نے بتایا کہ ایپل انٹیلی جنس کی نئی خصوصیات تصاویر میں ترمیم، سفاری براؤزر میں متعدد ٹیبز کے استعمال، امیج پلے گراؤنڈ، میسجز، میل اور دیگر روزمرہ ایپس میں بھی شامل کی جا رہی ہیں تاکہ صارفین اپنے معمول کے کام زیادہ آسانی سے انجام دے سکیں۔
کمپنی نے بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے بھی کئی نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں۔ والدین بچوں کے لیے عمر کے مطابق حفاظتی ترتیبات فعال کر سکیں گے، نئی ویب سائٹس تک رسائی اور ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے کی منظوری دے سکیں گے جبکہ بچوں کے نئے رابطوں کی بھی نگرانی کر سکیں گے۔
ایپل کے مطابق اگر پیغامات میں نامناسب یا پرتشدد مواد شیئر کیا جائے تو نظام خودکار حفاظتی اقدامات بھی کرے گا۔ اس کے علاوہ سکرین ٹائم فیچر کو مزید بہتر بنایا گیا ہے تاکہ والدین بچوں کے مختلف ایپس پر گزارے گئے وقت اور ڈیجیٹل سرگرمیوں پر بہتر نظر رکھ سکیں۔
ڈیزائن کے حوالے سے ایپل نے اپنے ’لیکوئڈ گلاس‘ انٹرفیس میں مزید بہتری کا اعلان کیا ہے۔
 اب صارفین ایک سلائیڈر کے ذریعے شفافیت اور رنگت کو اپنی پسند کے مطابق تبدیل کر سکیں گے جبکہ آئیکونز، مینیو اور سائیڈ بارز کو مزید واضح اور بہتر بنایا گیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے آپریٹنگ سسٹمز میں کارکردگی کو بھی نمایاں طور پر بہتر بنایا گیا ہے۔(فوٹو: ایپل) 

کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے آپریٹنگ سسٹمز میں کارکردگی کو بھی نمایاں طور پر بہتر بنایا گیا ہے۔ آئی فون اور آئی پیڈ پر ایپس پہلے سے زیادہ تیزی سے کھلیں گی، تصاویر جلد لوڈ ہوں گی اور ایئر ڈراپ کے ذریعے فائلوں کی منتقلی بھی زیادہ تیز رفتار ہوگی۔ 
سرچ کے نظام کو بھی ازسرِنو ترتیب دیا گیا ہے تاکہ صارفین مطلوبہ معلومات زیادہ آسانی سے تلاش کر سکیں۔
ایپل نے واضح کیا کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں صارفین کی رازداری اس کی ترجیحات میں شامل رہے گی۔ کمپنی کے مطابق زیادہ تر اے آئی پروسیسنگ ڈیوائس پر ہی انجام پائے گی جبکہ ضرورت پڑنے پر ’پرائیویٹ کلاؤڈ کمپیوٹ‘ نظام استعمال کیا جائے گا۔

ایپل کے مطابق یہ تمام اپ ڈیٹس رواں سال صارفین کے لیے دستیاب ہونا شروع ہوں گی (فائل فوٹو: ایپل) 

دیگر نمایاں اعلانات میں آئی کلاؤڈ کے مشترکہ فوٹو البمز، ہیلتھ ایپ میں خواتین کی صحت سے متعلق نئے فیچرز، ایئر پوڈز کے لیے کسٹم آڈیو کنٹرولز، ایپل واچ میں نئی خصوصیات، ویژن پرو کے لیے بہتر مقامی تجربات اور ایپل میپس میں مصنوعی ذہانت سے بہتر بنائے گئے فضائی مناظر شامل ہیں۔
ایپل کے مطابق یہ تمام اپ ڈیٹس آئی او ایس 27، آئی پیڈ او ایس 27، میک او ایس 27، واچ او ایس 27، ویژن او ایس 27 اور ٹی وی او ایس 27 کا حصہ ہوں گی اور رواں سال صارفین کے لیے دستیاب ہونا شروع ہوں گی۔
 

شیئر: