Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میں رنویر سنگھ کے ساتھ ہوں‘، پروڈیوسر پررنا اروڑا کا فلم دھورندر کے اداکار کی حمایت میں بیان

پروڈیوسر پررنا اروڑا نے کہا کہ مجھے لگتا ہے رنویر سنگھ کی کامیابی کچھ لوگوں کو برداشت نہیں ہو رہی (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)
کچھ عرصہ پہلے فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے رنویر سنگھ کے خلاف ایک ’نان کوآپریشن‘ ڈائریکٹیو جاری کیا تھا۔
اُن پر یہ الزام تھا کہ انہوں نے ایکسل انٹرٹینمنٹ کی فلم ’ڈان 3‘ سے اچانک علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ بعد میں یہ ڈائریکٹو دیگر انڈسٹری گروپس کی مداخلت اور اداکار کی جانب سے قانونی نوٹس بھیجے جانے کے بعد واپس لے لیا گیا۔ اس معاملے پر فلم انڈسٹری کی نمایاں شخصیات نے اپنی اپنی سوچ کا اظہار کیا۔
پروڈیوسر پررنا اروڑا نے اب اس معاملے پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے، جب ان سے ایک خصوصی انٹرویو کے دوران بالی وڈ ہنگامہ نے اس بارے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ ’میں رنویر سنگھ کے ساتھ ہوں۔‘
ان سے جب یہ پوچھا گیا کہ وہ اس پر مزید وضاحت کریں تو انہوں نے کہا کہ ’میں اگر کنگنا رناوت کے کہے ہوئے الفاظ دوبارہ پڑھوں تو میں اسی بات پر قائم رہوں گی۔ میں واقعی ان کے اس بیان کی حمایت کرتی ہوں۔ مجھے یقین ہے آپ نے بھی وہ بات پڑھی ہوگی۔‘
کنگنا نے کہا تھا کہ آپ جب مشہور ہو جاتے ہیں تو آپ کے کئی دشمن بن جاتے ہیں اور آپ کی راہ میں کئی رکاوٹیں پیدا ہو جاتی ہیں۔
اس بات کو مزید واضح کرتے ہوئے پررنا اروڑا نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے ان کی کامیابی کچھ لوگوں کو برداشت نہیں ہو رہی۔ مجھے یقیناً اندرونی معاملات کا علم نہیں اور میں کسی کے کاروبار پر تبصرہ کرنے کی اہل نہیں ہوں، لیکن مجموعی طور پر مجھے لگا کہ رنویر کے خلاف معاملہ بہت زیادہ بڑھا دیا گیا۔ اس وقت لوگوں کو ان کی کامیابی کا جشن منانا چاہیے، نہ کہ ان کے بارے میں منفی باتیں کرنی چاہییں۔ ایسے معاملات اندرونی طور پر حل کیے جا سکتے ہیں اور کوئی ضرورت نہیں ہوتی کہ کسی کو بلا وجہ گھیر لیا جائے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’رنویر جب آئے تھے تب بھی سپر سٹار تھے اور آج بھی سپر سٹار ہیں۔ انہوں نے خود کو غیرمعمولی اداکار ثابت کیا ہے۔ ان کی کامیابی کا اعتراف کیا جانا چاہیے اور حقیقت یہ ہے کہ یہ ایسی باتیں کرنے کا وقت نہیں ہے۔‘

شیئر: