Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینسر سے صحت یاب ہونے کے بعد شہزادی کیٹ کا بڑا کارنامہ، 24 گھنٹوں میں برطانیہ کی تین بلند ترین چوٹیاں سر کر لیں

مارچ 2024 میں شہزادی کیٹ نے اپنے کینسر کی تشخیص اور کیموتھراپی علاج کے آغاز کا اعلان کیا تھا (فوٹو: انسٹاگرام)
برطانوی شہزادی کیتھرین، پرنسز آف ویلز (کیٹ مڈلٹن) نے کینسر کے علاج کے بعد ایک منفرد اور مشکل چیلنج مکمل کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر برطانیہ کی تین بلند ترین پہاڑی چوٹیاں سر کر لیں۔
’سی این این‘ کے مطابق 44 سالہ شہزادی کیٹ نے یہ چیلنج مغربی لندن کے معروف کینسر ہسپتال ’دی رائل مارسڈن‘ کے لیے فنڈز جمع کرنے کی مہم کے تحت مکمل کیا، جہاں وہ دو سال قبل اپنے کینسر کا علاج کروا چکی تھیں۔
برطانیہ کے مشہور ’تھری پیکس چیلنج‘ میں انگلینڈ، سکاٹ لینڈ اور ویلز کی بلند ترین چوٹیاں 24 گھنٹوں کے اندر سر کرنا شامل ہے۔
اس دوران مجموعی طور پر تین 64 میٹر (10 ہزار 52 فٹ) بلندی طے کی جاتی ہے۔
اتوار کو جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں شہزادی کیٹ نے کہا کہ بہت سے لوگ ان سے پوچھتے ہیں کہ وہ یہ چیلنج کیوں کر رہی ہیں۔
ان کے بقول ’اس کی ایک وجہ ذاتی ہے، میں شکر گزار ہوں کہ آج یہاں موجود ہوں اور اتنی مضبوط ہوں کہ ان پہاڑوں پر چڑھ سکوں۔ لیکن اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ میں ان تمام لوگوں کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہتی ہوں جو ملک بھر میں کینسر کے مریضوں کی مدد کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘
یاد رہے کہ مارچ 2024 میں شہزادی کیٹ نے اپنے کینسر کی تشخیص اور کیموتھراپی علاج کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔ تقریباً ایک سال بعد انہوں نے بتایا تھا کہ وہ کینسر سے صحت یاب ہو چکی ہیں اور بیماری اب ’ری میشن‘ کے مرحلے میں ہے۔
صحت یابی کے بعد وہ آہستہ آہستہ شاہی ذمہ داریوں کی طرف لوٹ آئی ہیں اور کینسر کے مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں۔ گزشتہ سال کینسنگٹن پیلس نے اعلان کیا تھا کہ ’شہزادی کیٹ اور ان کے شوہر شہزادہ ولیم کو مشترکہ طور پر رائل مارسڈن کینسر چیریٹی کا سرپرست مقرر کیا گیا ہے۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
چیلنج مکمل کرنے کے بعد ان کا استقبال شہزادہ ولیم، شہزادہ جارج، شہزادی شارلٹ، شہزادہ لوئس سمیت ان کے والدین اور بھائی نے کیا۔
کینسنگٹن پیلس کی جانب سے جاری بیان میں شہزادی کیٹ نے کہا کہ وہ اس مہم کے ذریعے لوگوں کو یہ پیغام دینا چاہتی ہیں کہ کینسر کی تشخیص کے بعد بھی زندگی آگے بڑھ سکتی ہے۔ ان کے مطابق ’کینسر انسان کی سوچ، احساسات اور زندگی کے ہر پہلو کو متاثر کرتا ہے، تاہم مناسب علاج اور معاونت کے ذریعے مریض ایک بھرپور زندگی کی جانب واپس لوٹ سکتے ہیں۔‘
اس موقع پر شہزادی کیٹ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ رائل مارسڈن کینسر چیریٹی کی معاونت کے لیے عطیات دیں تاکہ مزید مریضوں کو بہتر علاج اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

شیئر: