Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اب شادی کہاں ہوگی؟‘، منگنی کے لیے ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ پر چڑھنے والا روسی جوڑا گرفتار

امریکہ کے شہر نیویارک میں ایک روسی جوڑے نے دنیا کی مشہور عمارت ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ کی بلندی پر چڑھ کر منگنی کی، جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔
روسی مہم جو جوڑے ایوان بیرکُس اور اینجیلا نکولاؤ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں دونوں بغیر کسی حفاظتی سامان کے 443 میٹر (1454 فٹ) بلند عمارت کے سپائر (نوکیلے حصے) پر چڑھتے دکھائی دیتے ہیں۔
ویڈیو میں دونوں عمارت کے انتہائی تنگ حصے تک پہنچتے ہیں اور وہاں ایک بینر لہراتے ہیں، جس پر لکھا ہوتا ہے، ’جب محبت کی طاقت، طاقت کی محبت پر غالب آ جائے تو دنیا امن کو جان لے گی۔‘
تقریباً 30 منٹ بلندی پر گزارنے کے بعد دونوں نیچے اترنا شروع کرتے ہیں۔ ایک مقام پر ایوان بیرکُس گھٹنوں کے بل بیٹھ کر اینجیلا نکولاؤ کو منگنی کی انگوٹھی پیش کرتے ہیں، جس پر وہ خوشی سے ہاں کر دیتی ہیں۔
بعد ازاں زمین پر پہنچتے ہی نیو یارک پولیس نے دونوں کو حراست میں لے لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڑے پر چوری، غیرقانونی طور پر عمارت میں داخل ہونے، دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور امن عامہ میں خلل ڈالنے سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
اینجیلا نکولاؤ نے اس مہم جوئی کی تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیں، جہاں وہ ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ کی چوٹی پر منگنی کی انگوٹھی دکھاتی نظر آئیں۔ یہ پوسٹ تیزی سے وائرل ہو گئی اور لاکھوں صارفین نے اسے پسند کیا۔
ویڈیو اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی دلچسپ تبصرے کیے۔
انسٹاگرام پوسٹ پر خاتون فوٹوگرافر میگی این نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’اگر یہ صرف منگنی ہے تو سوچ رہی ہوں شادی کہاں ہوگی؟‘
ایک  صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے، اس جوڑے نے ’منگنی کے معیار ہی بدل دیے۔‘ 

ایک اور صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا ’اگر ضمانت پر رہائی کے بعد منگنی کی تصاویر کے لیے میک اپ آرٹسٹ چاہیے تو میں نیویارک آ جاؤں گی۔‘ جبکہ ایک نے لکھا ’یقین نہیں آتا کہ اتنی بلندی پر چڑھنے کے باوجود ایک بھی ناخن نہیں ٹوٹا۔‘

امپائر سٹیٹ بلڈنگ کی انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ کارروائی بغیر اجازت کی گئی، تاہم اس دوران عمارت میں موجود سیاحوں یا دیگر افراد کی جان کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوا۔
ایوان بیرکُس اور اینجیلا نکولاؤ کا تعلق روس سے ہے، تاہم وہ اس وقت امریکی ریاست نیو جرسی میں رہتے ہیں۔ 
دونوں دنیا بھر کی بلند عمارتوں پر چڑھنے اور خطرناک مہم جوئی کی ویڈیوز کے باعث سوشل میڈیا پر خاصی شہرت رکھتے ہیں۔ جبکہ ان کی زندگی پر مبنی نیٹ فلکس کی دستاویزی فلم ’سکائی واکرز: اے لو سٹوری‘ بھی 2024 میں ریلیز ہو چکی ہے۔

شیئر: