ٹیلر سوئفٹ کی شادی: اب تک کیا معلوم ہے، کیا وہ اپنا خاندانی نام بھی تبدیل کریں گی؟
جمعرات 2 جولائی 2026 18:44
امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی متوقع شادی ایک بار پھر مداحوں اور عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔(فوٹو: گیٹی امیجز)
امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور نیشنل فٹبال لیگ (این ایف ایل) کی ٹیم کنساس سٹی چیفس کے سٹار کھلاڑی ٹریوس کیلسی کی متوقع شادی ایک بار پھر مداحوں اور عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
اگرچہ دونوں نے اب تک شادی کی تاریخ یا تقریب سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم مختلف رپورٹس کے مطابق دونوں کی شادی کی تقریب نجی انداز میں منعقد ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
وَووگ عربیہ کے مطابق شادی سے متعلق بیشتر تفصیلات کو خفیہ رکھا جا رہا ہے، جبکہ تقریب میں مہمانوں کی رازداری کو خصوصی اہمیت دی جا سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق تقریب کا مقام اور تاریخ بھی آخری وقت تک محدود افراد تک رکھنے کا امکان ہے، جس میں خاندان کے افراد، قریبی دوستوں اور چند منتخب مہمانوں کی شرکت متوقع ہے۔
تاہم سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مختلف خبروں، جن میں شادی کے مقام، مہمانوں کی فہرست اور ٹیلر سوئفٹ کے لباس سے متعلق دعوے شامل ہیں، کی اب تک نہ ٹیلر سوئفٹ نے تصدیق کی ہے اور نہ ہی ٹریوس کیلسی نے کوئی موقف دیا ہے۔
کیا ٹیلر سوئفٹ اپنا خاندانی نام تبدیل کریں گی؟
مداحوں کے ذہن میں ایک اہم سوال یہ بھی ہے کہ شادی کے بعد کیا ٹیلر سوئفٹ اپنا خاندانی نام تبدیل کر کے ’ٹیلر کیلسی‘ کہلائیں گی؟
ہیلو میگزین کے مطابق اس بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
تاہم قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ کئی معروف شخصیات شادی کے بعد سرکاری دستاویزات میں اپنے شریکِ حیات کا خاندانی نام اختیار کر لیتی ہیں، لیکن پیشہ ورانہ زندگی میں وہی نام استعمال کرتی ہیں جس سے انہیں شہرت ملی ہو۔
اسی وجہ سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر ٹیلر سوئفٹ قانونی طور پر اپنا نام تبدیل بھی کرتی ہیں تو موسیقی کی دنیا میں وہ ’ٹیلر سوئفٹ‘ ہی کے نام سے کام جاری رکھیں گی، کیونکہ یہی نام ان کی عالمی شناخت اور مضبوط برانڈ بن چکا ہے۔
رپورٹس کے مطابق وہ اپنے ذاتی اور پیشہ ورانہ نام الگ رکھنے کا فیصلہ بھی کر سکتی ہیں، تاہم اس حوالے سے ابھی تک ٹیلر سوئفٹ یا ٹریوس کیلسی کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
دونوں شخصیات کی جانب سے خاموشی برقرار ہونے کے باعث مداح شادی کی تاریخ، مقام اور دیگر تفصیلات جاننے کے لیے بے چینی سے کسی سرکاری اعلان کا انتظار کر رہے ہیں۔