Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ 2026: ارجنٹائن کی یادگار فتح، مصر کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

میچ جیتنے کے بعد کپتان لیونل میسی کھلاڑیوں سے گلے مل کر آبدیدہ ہو گئے (فوٹو: اے ایف پی)
فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے مصر کو 2-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
منگل کو امریکہ کے شہر اٹلانٹا میں کھیلا گیا میچ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا۔ دو گول کے خسارے میں جانے کے باوجود ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے مصر کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے جاری رکھے اور کھیل کے اختتام پر دو کے مقابلے میں تین گول سے ناک آؤٹ میچ اپنے نام کر لیا۔
اس فتح کے ساتھ ہی ارجنٹائن نے ورلڈ کپ کے ٹاپ ایٹ (کوارٹر فائنل) مرحلے میں اپنی جگہ پکی کر لی، جہاں اس کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ اور کولمبیا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
ارجنٹائن کی جیت پر شائقینِ فٹبال نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا، جبکہ مصر کی ٹیم عمدہ کارکردگی کے باوجود ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔
میچ کے جیتنے کے بعد کپتان لیونل میسی آبدیدہ ہو گئے اور ٹیم کے کھلاڑیوں سے بغل گیر ہو کر اُنہیں داد دیتے رہے۔ بعد ازاں ساتھی کھلاڑیوں نے بھی اپنے کپتان کو کندھے پر اٹھا لیا اور انہیں ہوا میں اچھالتے اور جیت کا جشن مناتے رہے۔

گولز کی تفصیل

میچ کے آغاز میں مصر نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 15ویں منٹ میں مروان عطیہ کے کارنر پر یاسر ابراہیم نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی۔
ارجنٹائن کو 21ویں منٹ میں پینلٹی ملی، لیکن کپتان لیونل میسی اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ مصری گول کیپر مصطفیٰ شوبیر نے عمدہ سیو کرتے ہوئے پینلٹی روک لی اور اپنی ٹیم کی برتری برقرار رکھی۔
دوسرے ہاف میں مصر نے اپنی برتری مزید مستحکم کر دی۔ 67ویں منٹ میں مصطفیٰ زیکو نے حسام حسن کے پاس پر گول کر کے سکور 0-2 کر دیا۔ اس سے قبل مصر کا ایک اور گول وی اے آر کے ذریعے فاؤل قرار دے کر منسوخ بھی کیا گیا۔
دو گول کے خسارے کے باوجود ارجنٹائن نے ہمت نہ ہاری اور 79ویں منٹ میں کرسٹیان رومیرو نے لیونل میسی کے شاندار اسسٹ پر ہیڈر کے ذریعے گول کر کے سکور 1-2 کر دیا۔
صرف چار منٹ بعد 83ویں منٹ میں گونزالو مونتیئل کے پاس پر لیونل میسی نے فٹبال کو جال کی راہ دکھاتے ہوئے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا اور پہلے ہاف میں ضائع ہونے والی پینلٹی کی تلافی بھی کر دی۔
میچ جب دو دو گول سے مقررہ وقت میں اختتام کی جانب بڑھ رہا تھا تو انجری ٹائم کے دوسرے منٹ (90+2) میں لاؤتارو مارٹینیز کے کراس پر اینزو فرنانڈیز نے شاندار ہیڈر کے ذریعے فیصلہ کن گول کر دیا، جس کے ساتھ ہی ارجنٹائن نے 2-3 سے یادگار فتح اپنے نام کر لی۔
مصر نے آخری لمحات میں پینلٹی کے لیے اپیلیں بھی کیں، تاہم ریفری نے دونوں مواقع پر کھیل جاری رکھنے کا فیصلہ دیا۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی، جہاں اس کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ اور کولمبیا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔

شیئر: