زائرین کی سہولت کے لیے بہتر چھتریاں: وزارتِ حج کی طرف سے چیلنج کا اعلان
اس چیلنج کا مقصد ایسی جدید اور عملی چھتری کے پروٹوٹائپ یعنی نمونے کی تلاش ہے جو وزن میں ہلکی ہو (فوٹو: ہدی باشاتہ)
وزارت حج و عمرہ نے عازمین حج اور عمرہ زائرین کے لیے بہتر چھتریاں تیار کرنے کے چیلنج کا آغاز کر دیا ہے جس میں ڈیزائنرز، ڈیویلپرز اور خصوصی اداروں کو چھتریوں کے اخترائی و عملی خاکہ جات پیش کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس اقدام کا مقصد آرام اور تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے عازمین حج اور عمرہ زائرین کے مذہبی سفر کے تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ یہ چیلنج زائرین کی ضروریات کو پورا کرنے والے عملی حل کے ذریعے ان کی سہولیات کو سنورانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
اس کا مقصد دھوپ سے بہتر تحفظ، آسان استعمال، حفاظتی معیار کی بہتری اور عملی کارکردگی و پائیداری میں اضافہ کرنا ہے۔
اس چیلنج کا مقصد ایسی جدید اور عملی چھتری کے پروٹوٹائپ یعنی نمونے کی تلاش ہے جو وزن میں ہلکی، اٹھانے اور استعمال کرنے میں آسان ہو، الٹراوائلٹ شعاعوں سے اعلیٰ درجے کا تحفظ فراہم کرے اور سخت موسم کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔
اس کا ڈیزائن مشاعرِ مقدسہ کی بصری شناخت سے ہم آہنگ اور حج و عمرہ کے سیزن کے دوران بڑے پیمانے پر تیاری اور استعمال کے لیے موزوں ہو۔
وزارت نے مزید کہا ہے کہ اس چیلنج کا مقصد ایسا عملی حل تلاش کرنا ہے جو صارفین کے تجربے کو بہتر بنائے، نقل و حرکت کے دوران گرمی کی شدت کو کم کرے اور رش والی جگہوں پر نقل و حرکت کو آسان کرے۔
یہ اقدام عازمین حج اور عمرہ زائرین کے لیے خدمات کی بہتری کی کوششوں کے عین مطابق، حج و عمرہ سیزن کے دوران استعمال ہونے والی چھتریوں کے لیے ایک یکساں بصری شناخت قائم کرنے کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
