Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کے ایس ریلیف نے یمن میں 13 سکولوں کی تعمیر اور بحالی کے لیے سنگ بنیاد رکھ دیا

یہ منصوبہ یمن میں تعلیم کے تسلسل کو جاری رکھنے کے پروگرام کا حصہ ہے (فوٹو: ایس پی اے)ک
سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف سینٹر) نے یمن کے وزیر تعلیم ڈاکٹر عادل عبدالمجید العبادی اور لحج کے گورنر مراد علی الحلیمی کی موجودگی میں یمن کے لحج اور الضالع گورنریٹس میں 13 سکولوں کی تعمیر و بحالی کے مںصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ منصوبہ یمن میں تعلیم کے تسلسل کو جاری رکھنے کے پروگرام کا حصہ ہے۔
اس منصوبے میں 45 نئے کلاس رومز کی تعمیر، چار سکولوں کی بحالی، پانی، سینی ٹیشن اور حفظانِ صحت کی سہولیات کی بہتری، کلاس رومز کی فرنشنگ اور متعدد سکولوں میں سولر انرجی سسٹمز کی تنصیب شامل ہے۔
اس کا مقصد نشان دہی شدہ سکولوں میں تعلیم کے ماحول کو بہتر بنانا، ایک محفوظ تعلیمی فضا فراہم کرنا، اعلیٰ معیار کی تعلیم تک بچوں کی رسائی کو بڑھانا اور کلاس رومز میں گنجائش سے زائد ہجوم کو کم کرنا ہے جس سے 59 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
یمنی وزیر تعلیم نے اس مرحلے پر ان منصوبوں کی سٹریٹیجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے شعبۂ تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط اور اس کے نتائج کے معیار کو بہتر بنانے میں ان کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کے ایس ریلیف کے ذریعے سعودی عرب کی جانب سے کی جانے والی امداد کی بھرپور تعریف کی اور یمن میں متاثرہ کمیونٹیز کی ضروریات و امنگوں کو پورا کرنے والے ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کو یقینی بنانے میں مقامی حکام اور سینٹر کے باہمی تعاون کو سراہا۔

یہ منصوبہ سعودی عرب کی جانب سے اس کے امدادی ادارے کے ایس ریلیف کے ذریعے یمن کے تعلیمی نظام کی حمایت اور سکولوں و تعلیمی اداروں کو ان کی بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے لیے کی جانے والی انسانی اور امدادی کوششوں کے فریم ورک کے تحت سامنے آیا ہے۔

 

شیئر: