Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر، سلمان آغا پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے

پاکستان کے سٹار بیٹر بابر اعظم کی انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت تاحال مشکوک ہے۔(فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان کے سٹار بیٹر بابر اعظم انگلی کی انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کریں گے جبکہ سلمان آغا ٹیم کی قیادت کریں گے۔
’ای ایس پی این کرک انفو‘ کے مطابق بابر اعظم کو بیکنہم میں پاکستان کے وارم اپ میچ کے دوران دائیں ہاتھ پر گیند لگنے سے انجری ہوئی تھی، جس کے باعث وہ ابھی تک مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکے۔ اسی ہاتھ پر انہیں رواں ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران بھی گیند لگی تھی۔
پاکستان کے کوچ سرفراز احمد نے بابر اعظم کی عدم دستیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستان کے کپتان بابر اعظم پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ سلمان آغا پہلے ٹیسٹ میں ٹیم کے کپتان ہوں گے۔‘
سرفراز احمد کے مطابق بابر اعظم کی دائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی میں فریکچر نہیں ہوا، تاہم انہیں انگلی میں خاصا درد محسوس ہو رہا ہے اور میڈیکل ٹیم ان کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ سے قبل ابھی چند دن باقی ہیں اور امید ہے کہ بابر اعظم اس وقت تک صحت یاب ہو جائیں گے۔
فی الحال بابر اعظم کی غیر موجودگی صرف پہلے ٹیسٹ میچ تک محدود ہے۔
 بیکنہم میں پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف وارم اپ میچ میں گیند لگنے کے بعد بابر اعظم ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر میدان سے باہر چلے گئے تھے اور بقیہ میچ میں حصہ نہیں لیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس اقدام کو ’احتیاطی تدبیر‘ قرار دیا تھا۔
پاکستانی ٹیم اتوار کو لیڈز پہنچی اور تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آغاز سے دو روز قبل پیر کو ہیڈنگلے میں پریکٹس سیشن کیا، جہاں بابر اعظم نے مختصر وقت کے لیے نیٹس میں بیٹنگ کی۔
اگرچہ بیٹنگ کے دوران بابر اعظم میں تکلیف کی کوئی واضح علامت نظر نہیں آئی، تاہم ان کا نیٹ سیشن مختصر رہا۔
پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس نے کہا ہے کہ بابر اعظم کی شرکت کے حوالے سے میڈیکل پینل اور سلیکشن کمیٹی نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
محمد عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’وہ کھیلیں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ میچ کے روز کیا جائے گا۔ انہوں نے آج چند تھرو ڈاؤنز اور کچھ بیٹنگ پریکٹس کی، لیکن ہمیں طبی مشورے پر عمل کرنا ہوگا۔‘
بابر اعظم کی عدم دستیابی کی صورت میں پاکستان کے مڈل آرڈر میں سعود شکیل اور اویس ظفر دونوں کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
سعود شکیل ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی ٹیسٹ سیریز میں شامل نہیں تھے، جبکہ اویس ظفر نے دوسرے ٹیسٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ 
سعود شکیل نے انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں سنچری بھی سکور کی تھی اور ان کی پہلے ٹیسٹ میں شرکت متوقع تھی، تاہم بابر کے نہ کھیلنے کی صورت میں اویس ظفر کے لیے بھی پلیئنگ الیون میں جگہ بن سکتی ہے۔

 شان مسعود کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں گیند لگنے سے انگلی میں فریکچر ہوگیا تھا۔(فوٹو:اے ایف پی)

دوسری جانب شان مسعود کی فٹنس کے حوالے سے صورت حال نسبتاً حوصلہ افزا ہے۔
 شان مسعود کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں گیند لگنے سے انگلی میں فریکچر ہوگیا تھا، جس کے باعث وہ دوسرے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔
شان مسعود نے بیکنہم میں پاکستان کے وارم اپ میچ میں بھی حصہ نہیں لیا، تاہم ہیڈنگلے میں پریکٹس کے دوران انہوں نے زیادہ دیر تک نیٹس میں بیٹنگ کی۔
محمد عباس نے شان مسعود کی فٹنس کے حوالے سے بھی طبی مشورے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا، ’شان کے معاملے میں بھی ہم طبی مشورے پر انحصار کریں گے۔ شان نے پورے سیشن میں پریکٹس کی اور بہت اچھے دکھائی دیے۔‘
بابر اعظم کی عدم دستیابی پاکستان کے لیے قیادت کے حوالے سے بھی مسئلہ پیدا کرسکتی ہے۔ بابر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے آغاز پر شان مسعود سے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی۔
بابر کی غیر موجودگی میں بیکنہم میں کھیلے گئے وارم اپ میچ کے دوران پاکستان کی قیادت ٹی20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کی تھی، تاہم سلمان علی آغا نے اب تک پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت نہیں کی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ کی سیریز کا پہلا میچ لیڈز کے ہیڈنگلے گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جس سے قبل بابر اعظم کی فٹنس اور پلیئنگ الیون میں شمولیت کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
 

شیئر: