Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیڈز ٹیسٹ: انگلینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم بابر اعظم کے بغیر میدان میں اُترے گی

بابر اعظم کے اَن فِٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج سے لیڈز میں شروع ہو رہا ہے۔ کپتان بابر اعظم کے اَن فِٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا پہلے ٹیسٹ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔
بابر اعظم جمعے کو پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف تین روزہ وارم اَپ میچ کے دوسرے روز دائیں ہاتھ پر گیند لگنے کے بعد صرف 5 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے تھے۔ 
بابر اعظم نے رواں ماہ کے آغاز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی تھی، جو 1-1 سے برابر رہی تھی۔
پاکستانی ٹیم کے کوچ سرفراز احمد نے منگل کے روز میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ ’کپتان بابر اعظم پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے اور اُن کی عدم موجودگی میں سلمان علی آغا ٹیم کی قیادت کریں گے۔‘
اُن کے مطابق ’بابر اعظم کی دائیں ہاتھ کی درمیانی اُنگلی میں فریکچر نہیں ہوا، تاہم انہیں اُنگلی میں خاصا دَرد محسوس ہو رہا ہے اور میڈیکل ٹیم اُن کی صورتِ حال کا جائزہ لے رہی ہے۔‘
پاکستانی کوچ کا کہنا تھا کہ ’دوسرا ٹیسٹ شروع ہونے میں ابھی چند روز باقی ہیں اور امید ہے کہ بابر اعظم اُس وقت تک مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔‘
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق بابر اعظم کی عدم موجودگی پاکستانی ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکہ ہے، خاص طور پر اس لیے کہ وہ دوبارہ اچھی فارم میں واپس آتے دِکھائی دے رہے تھے۔ 
وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے، جہاں انہوں نے دو نصف سینچریاں سکور کیں اور دوسرے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر دو شاندار چھکے بھی لگائے۔ 

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سٹار بیٹر جو رُوٹ انگلش ٹیم کی قیادت کریں گے (فائل فوٹو: گیٹی)

بابر اعظم کو دورۂ ویسٹ انڈیز سے کچھ ہی عرصہ قبل ہی شان مسعود کی جگہ پاکستانی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے اِس سے قبل کبھی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت نہیں کی، تاہم اِس وقت وہ قومی ٹی20 ٹیم کے کپتان ہیں۔ 
سلمان علی آغا کا شُمار پاکستان کی تینوں فارمیٹس کی ٹیموں میں باقاعدگی سے کھیلنے والے چند کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، تاہم دورۂ ویسٹ انڈیز میں اُن کی کارکردگی مایوس کُن رہی، جہاں انہوں نے تین اننگز میں مجموعی طور پر صرف 20 رنز بنائے۔
پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سٹار بیٹر جو رُوٹ انگلش ٹیم کی قیادت کریں گے جنہوں نے جُون میں ریٹارمنٹ کا اعلان کرنے والے بین سٹوکس کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 27 سے 31 اگست تک لارڈز جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 سے 13 ستمبر تک برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

 

شیئر: