لاہور سے سکردو 1100 کلومیٹر کا سفر، جی سی یو کے فیضان احمد فیض کا ریکارڈ قائم
جمعرات 17 ستمبر 2026 20:57
فیضان احمد فیض جی سی یو لاہور کے شعبہ نفسیات کے طالب علم ہیں (فوٹو: جی سی یو سپورٹس)
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طالب علم فیضان احمدن فیض نے لاہورسے سکردو کی طرف دوڑنے کے چیلنج کا کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔
جمعرات کو فیضان احمد تقریبا 11 سو کلومیٹر کا سفر 22 دنوں میں مکمل کیا۔
فیضان احمد فیض کا سکردو پہنچنے پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان کی جانب سے استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر فیضان احمد فیض کا کہنا تھا کہ ’میں سکردو پہنچنے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، اس طویل اور یادگار سفر میں ساتھ دینے والے تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں۔‘
فیضان احمد فیض جی سی یو لاہور کے شعبہ نفسیات کے طالب علم اور پنجاب حکومت کے سپورٹس ایمبیسیڈر ہیں۔
وہ گزشتہ آٹھ برس سے طویل فاصلے تک دوڑ رہے ہیں اور اس سے قبل آٹھ سو کلومیٹر کا فاصلہ مکمل کرچکے ہیں۔
لاہور سے سکردو کا سفر
انہوں نے 28 اگست کو جی سی یو لاہور کے تاریخی کلاک ٹاور سے اپنی مہم کا آغاز کیا، جہاں اساتذہ، طلبہ اور ان کی والدہ نے انہیں دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا تھا۔
فیضان نے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ وہ لاہور سے سکردو تک 11 سو کلومیٹر دوڑ کر ’گزشتہ قومی ریکارڈز توڑنے اور نیا قومی ریکارڈ قائم کرنے‘ کی کوشش کررہے ہیں۔
فیضان کا مقصد گزشتہ قومی ریکارڈز توڑ کر نیا ریکارڈ قائم کرنا تھا اور انہوں نے یہ مہم ’پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور شہداء کے نام‘ کی تھی۔
جی سی یو لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے فیضان کو یونیورسٹی کا فخر قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ اپنی مادر علمی کی دعاؤں اور جذبے کو ساتھ لے کر اس مہم پر روانہ ہوا تھا۔
وائس چانسلر نے کہا کہ ’یونیورسٹی اس مہم میں فیضان کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کی کامیابی کے لیے دعا گو ہے۔‘
فیضان کی روانگی کے موقع پر ان کی والدہ نے بیٹے کو ماتھے پر بوسہ دیا اور دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔
والدہ نے کہا کہ انہیں اپنے بیٹے پر فخر ہے، ’وہ بڑے مشن پر جارہا ہے اور ملک کا نام روشن کرنے کی کوشش کررہا ہے۔‘
فیضان کا طے شدہ روٹ لاہور سے گوجرانوالہ، وزیرآباد، جہلم، راولپنڈی، اسلام آباد، نتھیا گلی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بالاکوٹ، کاغان، ناران، بابوسر ٹاپ، چلاس، رائی کوٹ برج اور جگلوٹ سے ہوتا ہوا سکردو تک ہے۔
وہ روزانہ تقریباً 60 سے 100 کلومیٹر فاصلہ طے کررہے ہیں، جبکہ پولیس، ریسکیو 1122 اور جی سی یو اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی ٹیمیں راستے میں ان کی معاونت کررہی ہیں۔