Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا‘ مریم نواز سے متعلق پوسٹ کے بعد نسیم شاہ کی وضاحت

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے مطابق جمعرات کو ان کا ایکس اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا جو بعد میں بحال ہو گیا۔
یہ واقعہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں سیزن کے افتتاحی میچ کے دوران قذافی سٹیڈیم میں پیش آیا، جہاں وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز مہمانِ خصوصی کے طور پر موجود تھیں۔
میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان کھیلا گیا۔
افتتاحی تقریب کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے وزیرِ اعلیٰ کا استقبال کیا اور ان سے فرنچائز مالکان اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔
 مریم نواز نے ایونٹ میں شریک ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
تقریب کے بعد نسیم شاہ کے ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ سامنے آئی، جسے پی سی بی کی ایک میڈیا پوسٹ پر کمنٹ کے ساتھ ری ٹویٹ کیا تھا۔ اور بعد میں حذف کی جانے والی اس پوسٹ میں لکھا گیا تھا کہ ’ان کے ساتھ ملکہ کی طرح کا برتاؤ کیوں کیا جا رہا ہے؟‘

نسیم شاہ نے بعد میں وضاحت دی کہ یہ پوسٹ ان کی جانب سے دانستہ نہیں کی گئی اور ان کا اکاؤنٹ ہیک ہو چکا تھا۔ 
نسیم شاہ کی اس ہی ایکس اکاؤنٹ پر لکھا ہے ’نسیم کا یہ اکاؤنٹ حال ہی میں ہیک ہو گیا تھا، لیکن اب کامیابی کے ساتھ بحال ہو گیا ہے۔‘
سوشل میڈیا پر اس متنازع پوسٹ کے بعد صارفین اور کرکٹ شائقین کے درمیان بحث شدت اختیار کر گئی۔ 
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے نسیم شاہ کی اکاؤنٹ بحالی والی ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’کوئی مسئلہ نہیں، آپ نے سب کچھ کہہ دیا۔‘
 صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے اسے ایکس کی اب تک کی سب سے تیز رفتار بحالی قرار دیا۔
سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے متنازع پوسٹ کے حوالے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا، جبکہ بعض نے  ہیکر کو دوبارہ اکاؤنٹ واپس کرنے کا طنزیہ اظہار کیا۔
یاد رہے کہ نسیم شاہ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ’راولپنڈیز‘ کا حصہ ہیں، جنہیں آٹھ کروڑ 65 لاکھ روپے کے عوض خریدا گیا تھا۔

شیئر: